نامورانقلابی شاعر حبیب جالب کی 28ویں برسی12مارچ کومنائی جائیگی

ہفتہ 6 مارچ 2021 11:55

نامورانقلابی شاعر حبیب جالب کی 28ویں برسی12مارچ کومنائی جائیگی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2021ء) نامورانقلابی شاعر حبیب جالب کی 28ویں برسی12مارچ کومنائی جائے گی۔ حبیب جالب 24مارچ 1928 کو ہوشیارپورمیں پیداہوئے اورقیام پاکستان کے بعد لاہور منتقل ہوگئے، انہوںنے کچھ وقت کراچی میں بھی گزارا،حبیب جالب آمریت کے خلاف ایک تواناآوازتھے ۔ایوب خان کے دورمیں ان کی نظم ’’میں نہیں مانتا‘‘کوملک گیرشہرت حاصل ہوئی ۔

انہوںنے محترمہ فاطمہ جناح کی انتخابی مہم کے دوران اپنی نظموں کے ذریعے لوگوں میں جوش پیداکیا۔

(جاری ہے)

وہ ایک عوامی شاعرتھے ،فلمی گیت نگارکے طورپربھی انہیں شہرت ملی اورفلم ’’زرقا‘‘کے لئے لکھے ہوئے ان کے گیت رقص زنجیر پہن کربھی کیاجاتاہے نے بے پناہ شہرت حاصل کی ۔حبیب جالب نے اصولوں پرکبھی سمجھوتہ نہ کیا۔ ذوالفقارعلی بھٹو،بے نظیر بھٹواورجنرل ضیا کے دورمیں بھی ان کی مزاحمتی شاعری لوگوں میں مقبول رہی ۔ ان کے شعری مجموعے برگ آوارہ،سرمقتل ،عہدستم ،حرف حق کے نام پرمنظرعام پرآئے۔12مارچ 1993 کووہ لاہور میں انتقال کرگئے ۔حکومت پاکستان کی جانب سے ان کی وفات کے بعد انہیںنشان امتیازسے نوازاگیا۔