اپنے چھوٹے بچے کو پہلے چند قدم اٹھاتے ہوئے دیکھنا بہترین احساس ہوتا ہے:شاہد آفریدی

سابق کپتان نے انسٹاگرام پر اپنی سب سے چھوٹی بیٹی عروا کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ والد کی طرف چلتی ہوئی جارہی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 6 مارچ 2021 12:09

اپنے چھوٹے بچے کو پہلے چند قدم اٹھاتے ہوئے دیکھنا بہترین احساس ہوتا ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 مارچ 2021ء ) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور دنیا بھر میں بوم بوم کے نام سے مشہور شاہد خان آفریدی کا کہنا ہے کہ اپنے چھوٹے بچے کو پہلے چند قدم اٹھاتے ہوئے دیکھنا بہترین احساس ہوتا ہے۔ 44 سالہ شاہد آفریدی نے انسٹاگرام پر اپنی سب سے چھوٹی بیٹی عروا کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے والد کی طرف چلتی ہوئی جارہی ہے۔

اس دوران آفریدی بیٹی کو انتہائی محبت کے ساتھ آرام سے چل کر آنے کی نصیحت کرتے دکھائی دے رہے ہیں ، بیٹی کے پاس آنے پر شاہد آفریدی اسے گود میں اٹھا کر بے انتہا محبت کا اظہار کرتے ہیں ۔ شاہد آفریدی نے ویڈیو کے ساتھ مزاحیہ انداز میں کیپشن لکھا کہ ’میری بیٹی نئے ہیئر سٹائل میں پیاری لگ رہی ہے‘۔

شاہد آفریدی کی پوسٹ کی گئی ویڈیو کو اب تک تقریباً ساڑھے 4 لاکھ لوگوں نے دیکھا ہے اور کمنٹس سیکشن میں سٹار آل راؤنڈر اور ان کی بیٹی سے اظہار محبت بھی کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ شاہد آفریدی 5 بیٹیوں کے والد ہیں۔ ان کی سب سے چھوٹی بیٹی عروا نے گزشتہ ماہ 15 فروری کو اپنی پہلی سالگرہ منائی تھی۔ سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم شاہد آفریدی کی سب سے بڑی بیٹی اقصیٰ ہیں جب کہ دیگر بیٹیوں کے نام انشا، عجوا اور اسمارا ہیں۔