سعود ی عرب میں دو گاڑیوں میں تصادم، ایک ہلاک 4 زخمی

یہ واقعہ طائف المطار روڈ پر پیش آیا، ہسپتال میں زیر علاج ایک زخمی کی حالت نازک ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 6 مارچ 2021 13:16

سعود ی عرب میں دو گاڑیوں میں تصادم، ایک ہلاک 4 زخمی
طائف(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔6 مارچ2021ء) سعودی عرب کے شہر طائف میں ایک جان لیوا حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا ہے اور چار زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق یہ ٹریفک حادثہ اس وقت پیش آیا جب طائف المطار روڈ پر انڈسٹریل سیکنڈری سکول کے بالمقابل دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ جس کے نتیجے میں ایک شخص ہسپتال لے جاتے ہوئے وفات پا گیا جبکہ باقی چار زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔

ہلال احمر کے ترجمان شادی الثبیتی نے بتایا کہ آپریشن روم کو اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔ اس تصادم میں پانچ افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک کوالامیر منصور آرمی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم نازک حالت والا مریض ہسپتال پہنچنے کے تھوڑی دیر بعد ہی انتقال کر گیا۔

(جاری ہے)

باقی کے چار مریضوں کو امیر سلطان آرمی ہسپتال داخل کیا گیا جن میں سے تین کی حالت تسلی بخش ہے جبکہ ایک شخص کو گہرے زخم آئے ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں چند روز قبل بھی ایک انتہائی خوفناک حادثہ پیش آیا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا تھا، جبکہ 16 زخمی ہوئے تھے۔ جدہ سے مکہ جانے والی شاہراہ پر نیشنل گارڈ برج کے قریب بس اور گاڑی کے درمیان ہولناک تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک فرد جاں بحق اور 16 زخمی ہو گئے تھے۔ جدہ میں ہلال احمر کے ترجمان عبداللہ ابوزید کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ حادثہ نماز جمعہ کے بعد پیش آیا۔

ہلال احمر کے آپریشنز روم 997 کو اطلاع ملی کہ مکہ جدہ شاہراہ پر ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئیں۔ ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا تھا، جبکہ 16 زخمی تھے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ ابوزید کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے۔ انہوں نے تمام ڈرائیورز سے اپیل کی کہ وہ حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور ٹریفک قوانین و ضوابط کی مکمل پاسداری کریں تو ٹریفک حادثات سے بچا جا سکتا ہے۔