سپیکرپرویزالٰہی کا ڈپٹی کمشنرفیصل آباد کے ناروارویے پرسخت برہمی کا اظہار ، کل طلب کر لیا

میرے سمیت کسی کی نہیں سن رہا ،وہ جھوٹ بولتا ہے میٹنگ میں ہوں جبکہ ہوتا گھر پر ہے‘ چوہدری پرویز الٰہی

پیر 8 مارچ 2021 19:51

سپیکرپرویزالٰہی کا ڈپٹی کمشنرفیصل آباد کے ناروارویے پرسخت برہمی کا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2021ء) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کاڈپٹی کمشنرفیصل آباد کے ناروارویے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کل ( منگل) پنجاب اسمبلی طلب کر لیا ، اجلاس میںحکومت کے اخراجات سمیت مختلف محکموں کی آڈٹ رپورٹس بھی پیش کی گئی ۔ پنجاب اسمبلی کااجلاس گزشتہ روزبھی اپنے مقررہ وقت کی بجائے ایک گھنٹہ بیس منٹ کی تاخیر سے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں شروع ہوا۔

اجلاس میں محکمہ مائنز اینڈ منرلز کے سوالات کے جوابات دئیے جانے تھے لیکن وقفہ سوالات کو موخر کردیا گیا ۔اجلاس کے آغازمیں ہی سپیکر چوہدری پرویز الٰہی نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کے ناروا رویے پر برہمی کا اظہار کیا اورکہا کہ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد میرے سمیت کسی کی نہیں سن رہا ،وہ جھوٹ بولتا ہے کہ میٹنگ میں ہوں جبکہ ہوتا گھر پر ہے ۔

(جاری ہے)

سپیکر پنجاب اسمبلی نے ڈپٹی کمشنر کو آج منگل اسمبلی بلانے کی رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں ریسکیو 1122 کا 10کروڑ کی لاگت سے اسٹیشن بنناہے اور رقم بھی موجودہے، ڈی جی ریسکیو کو فیصل آباد میں 1122 اسٹیشن کیلئے خط لکھا لیکن کچھ نہیں ہوا، جب ڈپٹی کمشنر کوکال کی تو اپنے گن مین کو ٹیلی فون پکڑا دیا اور خود گھر تھا،ڈپٹی کمشنرصوبائی وزیر کی بھی بات نہیں سن رہا، ۔

سپیکر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رولنگ دی جس میں انہوں نے فیصل آباد کے ڈپٹی کمشنر اور ریسکیو 1122 کے انچارج کو آج بروز منگل پنجاب اسمبلی بلا نے کی ہدایت کردی ۔اس موقع پر رکن اسمبلی خلیل طاہر سندھو نے سپیکر کی بات نہ سننے پر ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کے رویے کی مذمت کی اور کہا کہ آپ ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب رہے اور ایک 18گریڈ کا آفیسر بات سننے کو تیار نہیں، ہائوس کے تقدس کے معاملے پر سیاسی جماعتوں سے بالا ترہو کر ہمیں ایک ہوناہوگا۔

اجلاس میں وزیر آباد گوجرانوالہ سے (ن) لیگ کی نومنتخب رکن طلعت محمود شوکت نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔اجلاس میںحکومت پنجاب کے اخراجات کی آڈٹ رپورٹ برائے سال 2019-20 ،محکمہ آبپاشی، مواصلات وتعمیرات، اربن ڈویلپمنٹ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، آبپاشی، بلدیات، انرجی ڈویلپمنٹ سمیت مختلف محکموں کی آڈٹ رپورٹس پیش کردی گئیں جس کے بعد پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج بروز منگل دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔