حکومت نے شوکت ترین کو مشیر خزانہ بنانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا

کل سے یہ شور مچایا جا رہا ہے کہ وزیر خزانہ حماد اظہر کوہٹا کر شوکت عزیز کو مشیر خزانہ بنایا جا رہا ہے، یہ تمام خبریں بے بنیاد ہیں، معاون خصوصی شہباز گل

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 31 مارچ 2021 22:53

حکومت نے شوکت ترین کو مشیر خزانہ بنانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، تازہ ترین اخبار، 31مارچ 2021) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ شوکت عزیز کو مشیر خزانہ یا معاون خصوصی بنانے کی تمام تر خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ کل سے یہ شور مچایا جا رہا ہے کہ وزیر خزانہ حماد اظہر کوہٹا کر شوکت عزیز کو مشیر خزانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام خبریں بے بنیاد اور جھوٹی ہیں، ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت شوکت ترین کو مشیر خزانہ بنانے کا فیصلہ کرے گی تو اپنے فیصلے سے عوام کو آگاہ کرے گی، لیکن اس وقت حکومت کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ شوکت ترین سابق وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے حفیظ شیخ کو پیر کے روز عہدہ چھوڑنے کی ہدایت کی تھی۔

(جاری ہے)

ندیم بابر سے عہدہ واپس لیے جانے کے بعد کابینہ میں تبدیلیوں کے حوالے سے یہ وزیراعظم عمران خان کا دوسرا بڑا فیصلہ تھا۔حفیظ شیخ کی جگہ حماد اظہر نئے وزیر خزانہ تعینات کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم حماد اظہر کی کارکردگی سے خوش ہیں اسی لیے انہیں وزیر خزانہ بنایا گیا ہے۔ وفاقی کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا امکان ہے۔ فیصل جاوید خان اور فرخ حبیب کو اہم وزارتیں سونپی جانے کا بھی امکان ہے۔

جبکہ سینیٹر شبلی فراز کو وزارت پٹرولیم دی جاسکتی ہے اور وزارت اطلاعات ایک بار پھر فواد چوہدری کو دیے جانے سے متعلق مشاورت کی گئی ہے۔دوسری جانب شوکت ترین کو مشیر خزانہ بنائے جانے کی خبریں سامنے آنے کے بعد انہوں نے ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ جب تک حکومت اُن کے خلاف نیب کی جانب سے بنائے گئے تمام کیسز بند نہیں کرتی، میں حکومت کے ساتھ کام نہیں کر سکتا۔