زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تمام مذاہب کے مابین ہم آہنگی کی بھرپور فضا قائم کی گئی ہے تاکہ بطور پاکستانی مل جل کر ملکی تعمیروترقی کے سفر میں اخوت و یکجہتی کے ساتھ اپنا کردار ادا کر سکیں

اس امر کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر نے ایسٹر کے حوالے سے مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی پر مبنی تقریب میں کیک کاٹتے ہوئے کیا

جمعہ 2 اپریل 2021 16:03

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تمام مذاہب کے مابین ہم آہنگی کی بھرپور ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 اپریل2021ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تمام مذاہب کے مابین ہم آہنگی کی بھرپور فضا قائم کی گئی ہے تاکہ بطور پاکستانی مل جل کر ملکی تعمیروترقی  کے سفر  میں اخوت و یکجہتی کے ساتھ اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس امر کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف تنویر  نے ایسٹر  کے حوالے سے مسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی پر مبنی تقریب  میں کیک کاٹتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر پرنسپل آفیسر اسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر جاوید اختر، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئر شہباز طالب ساہی، سیکرٹری ٹو وائس چانسلر محمد جمیل اور یونیورسٹی کے مسیحی برادری بھی موجود تھی۔ ڈاکٹر آصف تنویر نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ مسیحی ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر ہمیشہ توجہ دیتی ہے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونے کے لئے ہر سال تقریبات منعقد کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں جہاں مساجد کا قیام عمل میں لایا گیا ہے وہاں مسیحی برادری کے لئے چرچ کے لئے یونیورسٹی نے جگہ فراہم کرتے ہوئے ان کی عبادت کے حوالے سے جو کوششیں کی ہیں اس کی وجہ سے مسیحی ملازمین اور ان کے خاندان پرسکون ماحول میں اپنے مذہبی عقائد کے مطابق مکمل آزادی کے ساتھ عبادت کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اختر نے کہا کہ مسیحی برادری ملک کی تعمیروترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہے اور بطور پاکستانی ملک کی خدمت کے لئے ہر طرح کی قربانیاں دے رہے ہیں۔ ڈاکٹر شہبازطالب ساہی نے کہا کہ تمام مذاہب کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر کے مستحکم معاشی و معاشرتی ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔