جنوبی افریقہ کیخلاف جیت کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم نے ایک اور ریکارڈ بھی بنالیا

ٹی ٹونٹی میں 100 فتوحات مکمل کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی،ان فتوحات میں سپر اوور میں جیتے گئے میچ شامل نہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 11 اپریل 2021 14:52

جنوبی افریقہ کیخلاف جیت کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم نے ایک اور ریکارڈ بھی ..
جوہانسبرگ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11اپریل 2021ء ) جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی 20 میچ میں فتح کے بعد پاکستانی ٹیم ٹی 20 کرکٹ میں 100 فتوحات مکمل کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔ پاکستان کے علاوہ کسی بھی دوسری ٹیم کی ٹی 20 کرکٹ میں فتوحات کی سنچری مکمل نہیں ہوئی ہے۔ ان 100 میں سے 29 فتوحات پاکستان کو سرفراز حمد کی کپتانی میں ملیں جو کسی بھی پاکستانی کپتان کی ٹی 20 میں زیادہ فتوحات کا ریکارڈ ہے۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کے مطابق ان فتوحات میں سپر اوور میں جیتے گئے میچ شامل نہیں کیے گئے۔ پاکستان نے 165 میچز میں سے 101 میں فتح حاصل کی جب کہ 59 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان کے بعد سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی میچز جیتنے والی ٹیم بھارت ہے جس نے اپنے 142 میچز میں سے 88 میچز جیتے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان ٹیم نے سب سے زیادہ 24 میچز نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے جس میں اسے 14 میں کامیابی ملی اور 10 میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسرے نمبر پر جس ٹیم کے ساتھ پاکستان نے سب سے زیادہ میچز کھیلے ہیں وہ آسٹریلیا ہے، دونوں ٹیمیں 23 مرتبہ آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں سے پاکستان کو 12 مرتبہ اور آسٹریلیا کو 9 میچز میں کامیابی ملی، ایک میچ ٹائی ہوا۔