سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا

مملکت میں کل 13 اپریل بروز منگل کو پہلا روزہ ہوگا، سعودی سپریم کورٹ نے حتمی اعلان کر دیا

muhammad ali محمد علی پیر 12 اپریل 2021 20:46

سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اپریل2021ء) سعودی عرب میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے کروڑوں مسلمانوں کا انتظار بالآخر ختم ہوا، مملکت میں رمضان المبارک کے آغاز کا سرکاری اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق مملکت میں آج 12 اپریل بروز پیر کی شام کو رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا، جس کی تصدیق سعودی سپریم کورٹ کی جانب سے بھی کر دی گئی ہے۔

یوں سعودی عرب میں کل 13 اپریل بروز منگل کو رمضان المبارک کا پہلا روزہ ہوگا۔ سعودی عرب میں ماہ مقدس کا چاند دیکھنے کیلئے گزشتہ روز بھی اجلاس طلب کیا گیا تھا، تاہم مملکت میں کل کہیں چاند نظر نہیں آیا تھا۔ سعودی عرب کے علاوہ کسی دوسرے خلیجی ملک میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا تھا۔

(جاری ہے)

 تاہم آج 12 اپریل بروز پیر کو اب تک 10 ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر آ چکا، جبکہ پاکستان سمیت بیشتر ایشیائی ممالک میں کل بروز منگل ماہ مبارک کا چاند نظر آنے کا امکان ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دنیا میں سب سے پہلے آسٹریلیا اور پھر برونائی میں رمضان المبارک کا چاند نظر آیا۔


اب تک آسٹریلیا سمیت ترکی، ملائیشیا، مصر، لبنان، یمن، عراق برونائی، سعودی عرب اور تیونیسیا میں چاند نظر آنے کے بعد کل بروز منگل 13 اپریل کو یکم رمضان ہونے کا باقاعدہ اعلان کیا جا چکا۔

دوسری جانب دنیا بھر کے مختلف ممالک میں روزے کے دورانیہ کے حوالے سے بھی ایک رپورٹ جار کی گئی ہے۔ ماہ صیام کی آمد کے ساتھ ہی روزے کے اوقات اور اس کی طوالت و اختصار کے بارے میں بھی رپورٹس سامنے آنا شروع ہو جاتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس بار عرب ممالک میں روزے کا دورانیہ 13 اور 16 گھنٹوں کے درمیان ہو گا۔ اگر روزے کے طویل دورانیے کی بات کی جائے تو فن لینڈ اس اعتبار سے طویل ترین دورانیے والا ملک ہوگا جہاں روزہ داروں کو 23 گھنٹے 5 منٹ کا روزہ رکھنا ہوگا۔

اس کے بعد سویڈن اور ناروے کا نمبر آتا ہے جب کہ روس میں 20 گھنٹے 45 منٹ کا روزہ ہو گا۔سب سے مختصر دورانیہ آسٹریلیا میں ہوگا جہاں روزے کا دورانیہ 11 گھنٹے 59 منٹ ہوگا، ارجنٹائن میں 12 گھنٹے 23 منٹ اور چلی میں 12 گھنٹے 41 منٹ کا روزہ ہو گا۔مغربی عربی کے عرب ممالک میں الجزائر اور تونس میں روزے کا دورانیہ دوسرے عرب ممالک کی نسبت کم ہو گا۔ ان ملکوں میں ماہ صیام کا آغاز 14 گھنٹے 39 منٹ سے ہو گا جب کہ آخری ایام 15 گھنٹے 50 منٹ تک ہو گا۔

کیمرون میں روزے کا دورانیہ 13 گھنٹے 12 منٹ اور بعض علاقوں میں 12 گھنٹے 59 منٹ ہوگا۔خلیجی ممالک میں روزے کا دورانیہ نہ تو بہت طویل ہو گا اور نہ ہی کم۔ سعودی عرب میں ماہ صیام کا آغاز 14 گھنٹے کے روزے سے ہوگا اور اختتام 14گھنٹے 42 منٹ سے ہوگا۔ ابوظبی میں 14 گھنٹے دو منٹ اور 14 گھنٹے 44 منٹ کے درمیان ہوگا۔کویت میں 14 گھنٹے 17 منٹ اور 15 گھنٹے 19 منٹ، قطر میں 14 گھنٹے 6 منٹ اور 14 گھنٹے 50 منٹ کے درمیان ہو گا۔