الیکٹرک وہیکلز پالیسی آٹوسیکٹر میں انقلاب رونما کرسکتی ہی: میاں طارق مصباح

جمعرات 15 اپریل 2021 20:43

الیکٹرک وہیکلز پالیسی آٹوسیکٹر میں انقلاب رونما کرسکتی ہی: میاں طارق ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2021ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں طارق مصباح نے کہا ہے کہ الیکٹرک وہیکلز پالیسی 2020-2025آٹو سیکٹر میں نئے انقلاب کی بنیاد رکھے گی لہذا حکومت اسے کامیاب بنانے او رمطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ اس پالیسی کی کامیابی سے صرف آٹو سیکٹر میں ہی انقلاب رونما نہیں ہوگا بلکہ بھاری آئل امپورٹ بل، ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات اور تیزی سے بڑھتی ماحولیاتی آلودگی جیسے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا یہ بہت اچھا شگون ہے کہ حکومت ملک کو ٹیکنالوجی کے حوالے سے ترقی دینے میں سنجیدہ ہے اور پہلے ہی الیکٹرک وہیکلز پالیسی 2020-2025کی منظور ی دے چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے تحت 2030تک تیس فیصد پیسنجر جبکہ 2040تک ہیوی ڈیوٹی ٹرکس کو برقی توانائی سے چلانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ برقی توانائی سے وہیکلز چلانے کا منصوبہ کامیاب ہونے سے دو بڑے چیلنجز پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

اول یہ کہ آئل امپورٹ بل میں نمایاں کمی آئے گی جو ہر سال اوسطا تیرہ ارب ڈالر تک جا پہنچتا اور تجارتی خسارے کا سبب بنتا ہے، دوسرا ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی کیونکہ روایتی ایندھن پر چلنے والی گاڑیاں اسکی بڑی وجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز پالیسی کی کامیابی سے پاکستان کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اچانک اتار چڑھائو اور تیل کی سپلائی معطل ہونے جیسے مسائل سے بھی نمٹنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ الیکٹرک وہیکلز انڈسٹری نے امریکہ کی آٹو انڈسٹری کو ایک نئی سمت دی ہے، پاکستان میں بھی یہ تجربہ سوچ سے کہیں زیادہ کامیاب ہوسکتا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ حکومت اس سلسلے میں آگاہی مہم بھی شروع کرے ۔