بتایا جائے سپاہ صحابہ تحریک طالبان کس نے بنائی ،ریاض پیرزادہ

پہلے جن پال لئے جاتے ہیں پھر وہ گلے کو آجاتے ہیں، قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض طالبان دہشتگرد تھے ،ہیں اور رہیں گے ،بتایا جائے کہ طالبان کس نے بنائے اور کیوں بنائے ، محسن داوڑ یہ بات کلیئر کرلی جائے کہ فرانس کے سفیر کو نکالنے کا کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا ،قرار داد لانے کی بات ہوئی تھی ،علی محمد خان

جمعہ 16 اپریل 2021 16:42

بتایا جائے سپاہ صحابہ تحریک طالبان کس نے بنائی ،ریاض پیرزادہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) قومی اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن اسمبلی ریاض حسین پیر زادہ نے کہاہے کہ بتایا جائے سپاہ صحابہ تحریک طالبان کس نے بنائی ۔مسلم لیگ (ن )کے رکن ریاض پیرزادہ نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ بتایا جائے سپاہ صحابہ تحریک طالبان کس نے بنائی ۔ انہوںنے کہاکہ پہلے جن پال لئے جاتے ہیں پھر وہ گلے کو آجاتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ تشدد مذہب مسلک سیاست میں بڑھ رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے نوٹس پھاڑے جارہے ہیں ،حال ہی میں مذہب کے نام پر کیا کچھ نہیں ہوا ،آئیں ملکر سنجیدگی سے ایوان میں گفتگو کریں ۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنی قیادت کو کچھ کہنا پڑا تو کہیں گے ۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہاکہ کہا گیا کہ مذہبی جماعت کے ساتھ فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کا معاہدہ کیوں کیا گیا یہ بات کلیئر کرلی جائے کہ فرانس کے سفیر کو نکالنے کا کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا ،معاہدہ یہ تھا کہ اسمبلی میں قرارداد پیش کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ جب مذہبی جماعت سے حال ہی میں مذاکرات ہوئے تو اس نے اپنی مرضی کی قرارداد لانے پر ضد کرلی ،ایک طرف حکومت سے مذاکرات کئے جارہے تھے دوسری طرف مارچ کی تیاریاں کی جارہی تھیں ۔ رکن جے یو آئی صلاح الدین ایوبی نے کہاہک آج ٹی ایل پی پابندی لگائی جارہی ہے تو جے یو آئی پر پابندی لگائی جاسکتی ہے ۔ احسن داوڑ نے کہاکہ طالبان دہشتگرد تھے ،ہیں اور رہیں گے ،بتایا جائے کہ طالبان کس نے بنائے اور کیوں بنائے ۔

وزیر مملکت نے کہاکہ کسی کو جتھے بناکر ملک کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ بتایاگیاکہ ناموس رسالت کے معاملہ پر پیر کو قومی اسمبلی اجلاس میں قرارداد پیش کی جائے گی اسپیکر کی وزیر مملکت علی محمد خان کو تمام جماعتوں کے ساتھ ملکر قرارداد تیار کرنے کی ہدایت کی ۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی سید عمران احمد شاہ نے کہاکہ فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں، سفیر کو ملک بدر کیا جائے،فرانس کا زیادہ سے زیادہ 17یا 18 ارب روپے قرض ہوگا، مجھ سمیت غلامان رسول ملکر اتار دینگے،فرانس کے ساتھ یورپی یونین ہے لیکن ہم انکی جانب سے ناموس رسالت پر حملہ کے بعد سو نہیں سکتے،اگر ہم تحفظ ناموس رسالت کے لیے کچھ نہیں کرسکتے تو عہدوں سے مستعفی ہو جائیں۔

انہوںنے کہاکہ تحریک لبیک پاکستان کس نے اور کیوں بنائی، تحقیقات کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے، بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کے روز دن 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔