افغانستان سے امریکی فوج کا انخلاء، ڈاکٹراشرف غنی کا افغان فورسز کی مٹی کے دفاع کا بیان خوش آئند ہے،اسفندیارولی خان

اے این پی امن کے ساتھ کھڑی ہے، افغان حکومت کے ساتھ مشترکہ فیصلے اور اقدامات افغان عوام کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے، بیان

جمعہ 16 اپریل 2021 16:42

افغانستان سے امریکی فوج کا انخلاء، ڈاکٹراشرف غنی کا افغان فورسز کی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے افغانستان حکومت کی جانب سے امریکی فوج کے انخلاء کے بیان پر افغان فورسز کی مٹی کے دفاع کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوج کا افغانستان سے انخلاء کے بعد امید ہے افغان فورسز جوانمردی سے اپنی مٹی کا دفاع کریں گے، افغان حکومت کے ساتھ مشترکہ فیصلے اور اقدامات افغان عوام کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے ستمبر کے اوائل میں امریکی فوج کے انخلاء کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے اے این پی سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہاکہ رمضان کے بابرکت مہینے میں دونوں طرف سے جنگ بندی کا بھی اعلان ہونا چاہئے تھا،افغان عوام کا خون گذشتہ چار دہائیوں سے بہایا جارہا ہے،مزید اس خونریزی کو بند کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

فریقین کو بٹھا کر مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنا چاہئیے، افغان اونڈ، افغان لِڈ مذاکرات ہی دیر پا امن کا واحد راستہ ہے۔

پاکستان سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو اس خطے کے امن کی خاطر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔عوامی نیشنل پارٹی کسی بھی متشدد فریق کو افغانستان حوالہ کرنے کی ہرگز حمایت نہیں کرے گی۔ اسفندیارولی خان نے کہا کہ افغانستان کا امن اس خطے کے امن کی ضمانت ہے، پاکستان اور افغانستان میں امن ایک دوسرے کیلئے لازم و ملزوم ہے۔گذشتہ 20 سال سے افغان عوام شدید بدامنی، خونریزی اور تباہی کا شکار رہے ہیں،آبادکاری کیلئے پوری دنیا کو پیشکش کرنی چاہئیے۔

دہشتگردی کسی بھی شکل میں ہو، اے این پی اس کی مخالفت اور مذمت کرتی رہے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مترقی افغانستان ہماری خواہش نہیں ضرورت بن چکی ہے، پاکستان اور افغانستان کے دیرینہ تعلقات وقت کی ضرورت بن چکی ہے۔افغانستان کی منتخب حکومت کا ہر فیصلہ عوام کے بہترین مفاد میں ہوگا، ہم منتخب حکومت کے فیصلوں کی حمایت کریں گے۔