بھارت، ویکسین لگوانے کے بعد منموہن سنگھ کا ٹیسٹ مثبت آگیا

منگل 20 اپریل 2021 00:01

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2021ء) بھارت کے سابق وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے جس کے بعد انہیں ہسپتال میں داخل کردیا گیا ۔کانگریس کے 88 سالہ بزرگ رہنما ڈاکٹر منموہن سنگھ نے عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگوائی ہوئی ہے۔سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک 4 مارچ کو لگوائی تھی جب کہ دوسری خوراک 3 اپریل کو لگوائی تھی۔

(جاری ہے)

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر منموہن سنگھ کو تیز بخار تھا اور طبیعت بہتر نہیں تھی جس کی بنا پر انہیں ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔ ہسپتال کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم کو احتیاطی تدابیر کے طور پر ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ڈاکٹر منموہن سنگھ نے گزشتہ روز بھارت میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر اظہار تشویش ظاہر کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو مشورہ دیا تھا کہ وہ ویکسینیشن کے عمل میں تیزی لائیں، عام افراد سے رابطے میں آنے والے افراد کو ترجیحی بنیادوں پر ویکسین لگائیں اور ویکسین کے لیے عمر کی حد میں بھی کمی کریں۔