شریف خاندان کی رہائشگاہوں کو کرپشن کے ہیڈ کوارٹر زکے نام سے منسوب کرنا چاہیے ‘ ترجمان پنجاب حکومت

حسن مرتضیٰ نے پنجاب کے رمضان بازار کا دورہ کر لیااب سندھ کا بھی ایک دورہ کر کے حقائق عوام کے سامنے لائیں ‘ مسرت چیمہ

جمعرات 22 اپریل 2021 13:03

شریف خاندان کی رہائشگاہوں کو کرپشن کے ہیڈ کوارٹر زکے نام سے منسوب کرنا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2021ء) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ شریف خاندان نے اپنے دور اقتدار میں قومی خزانے کو جس طریقے سے نوچا ہے اس کی وجہ سے ان کی رہائشگاہوں کو کرپشن کے ہیڈ کوارٹر زکے نام سے منسوب کرنا چاہیے ،پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے (ن) لیگ کی ’’سیاسی مشقیں ‘‘ پہلے ان کے کسی کام آئی ہیںاور نہ عید الفطر کے بعد کیلئے دی جانے والی دھمکیوں کا کوئی نتیجہ نکلے گا ۔

اپنے دفتر میں خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سوائے کرپشن کیسز پر واویلا کرنے کے ملک او رعوام کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے کوئی پروگرام سامنے نہیں لائی ۔ اپوزیشن کی خواہش کے برعکس حکومت عوام کے دئیے ہوئے مینڈیٹ کے مطابق اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ادارے اس بات کے معترف ہیں کہ پاکستانی حکومت نے کورونا وائرس کی وباء کے باوجود معیشت کو سنبھالا دیا ہے اور اس کے منفی اثرات کو زائل کرنے کیلئے کامیاب پالیسیاں ترتیب دی ہیں لیکن اپوزیشن وزیر اعظم عمران خان کے بغض میں مبتلا ہو کر میں نے مانوں کی رٹ لگائے ہوئے ہے۔

انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو اشیائے خوردونوش کی سستے نرخوں فراہمی کے لئے اربوں روپے کی سبسڈی مختص کی گئی ہے ، حسن مرتضیٰ نے پنجاب میں لگائے گئے رمضان بازار کا دورہ تو کر لیاہے اب سندھ کا ایک دورہ کر کے بھی حقائق عوام کے سامنے لائیں ۔