ریلوے نے حادثات کی روک تھام کیلئے لاہور ڈویژن کے 924 مقامات پر باڑ لگادی

پاکستان ریلویز گزشتہ 2 برسوں سے خاص طور پر حادثات میں اضافے کے باعث مشکلات کا شکار تھی

پیر 26 اپریل 2021 16:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2021ء) حادثات کو قابو کرنے اور راہگیروں کی جانب سے ریلوے لائنز غیر قانونی طور پر عبور کرنے کو روکنے کیلئے پاکستان ریلوے نے لاہور ڈویڑن کے مختلف حصوں میں 924 غیر مجاز گزرگاہوں/ پوائنٹس بند کردئیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گزرگاہوں کو 28 کلومیٹر طویل رقبے پر باڑ لگا کر بند کیا گیا جو لاہور،رائیونڈ اوکاڑہ، لاہور شاہدرہ-گوجرانوالہ، لاہور- نارووال کے علاوہ راولپنڈی اور لاہور-شیخوپورہ-فیصل آباد سیکشن تک پھیلی ہوئی ہے۔

ریلوے کے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ناصر خلیلی نے بتایا کہ جن گزرگاہوں کو راہگیر قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ریلوے لائن عبور کرنے کیلئے استعمال کرتے تھے انہیں باڑ لگا کر بند کردیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ اس میں لاہور تا شاہدرہ ٹریک پر 14 انتہائی اہم مقامات بھی شامل ہیں، اس حصے کو متعدد مہلک اور غیر مہلک حادثات کی وجہ سے دونوں اطراف سے مکمل طور پر باڑ لگا کر بند کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم نے ریلوے ٹریک غیر قانونی طور پر عبور کرنے پر 100 افراد کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے ہیں۔مزید برآں بے جا مداخلت کے خلاف قومی مہم کے دوران دیگر 700 افراد پر معمولی جرمانوں/ سزاؤں کا اطلاق بھی کیا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان ریلویز گزشتہ 2 برسوں سے خاص طور پر حادثات میں اضافے کے باعث مشکلات کا شکار تھی۔بڑے حادثات میں سکھ یاتریوں کو پیش آنے والا حادثہ بھی شامل تھا جس میں فاروق آباد کے نزدیک ان کو لے جانے والی کوچ نے ایک مقام سے ریلوے لائن عبور کرنے کی کوشش کی اور مسافر ٹرین کی زد میں آگئی تھی۔

اسی طرح پتوکی میں ایک لیول کراسنگ پر ایک کار کی ٹرین کی ٹکر کے نتیجے میں 2 نئے شادی شدہ جوڑے ہلاک ہوگئے تھے ،ساہیوال کے نزدیک ایک گزرگاہ پر ٹرین کی موٹر سائیکل سے ٹکر میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔اس کے علاوہ متعدد لوگوں نے ٹرین کو نزدیک آتا دیکھنے کے باوجود ریلوے لائن عبور کرنے یا ٹریک پر ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کی کوشش میں بھی اپنی زندگیوں سے ہاتھ دھوئے۔

ریلوے عہدیدار کے مطابق بڑھتے ہوئے حادثات کے باعث ڈویڑنل ریلوے انتظامیہ کے پاس ریلوے پولیس اور متعلقہ اداروں کو شامل کر کے ٹھوس اقدامات اٹھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا تھا۔انہوں نے بتایا کہ غیر قانونی گزرگاہوں سمیت کل رقبے میں غیر محفوظ مقامات اور باڑ پر مشتمل ایک لاکھ مربع فٹ پر مشتمل ہے اور مختلف حصوں میں 28 کلومیٹر طویل علاقے تک پھیلی ہوئی ہے۔دوسری جانب پاکستان ریلوے لاہور کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ رواں برس مسافروں کی معمولی تعداد، کورونا وائرس کی پابندیوں اور دیگر مسائل کی وجہ سے عید کی خصوصی ٹرینیں چلانے کی شاید ضرورت نہ پڑے۔