کراچی :پیمراکی کارروائی ،بغیر لائسنس غیر قانونی ٹی وی کیبل آپریٹنگ سسٹم چلانے والے دو افراد گرفتار

جمعرات 6 مئی 2021 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) پیمرا ریجنل آفس کراچی آپریشن ٹیم نے پاک کالونی پولیس کے ہمراہ معزز عدالت اے ڈی جے XII کی ہدایت پر چھاپہ مار کر بغیر لائسنس غیر قانونی ٹی وی کیبل آپریٹنگ سسٹم چلانے والے دو افراد محسن ولد ولی محمد، خاور ولد ممتاز علی کو گرفتار کر کے سامان قبضے میں لے لیا، ملزمان کے بارے میں پتہ چلا ہے کہ وہ ولایت آباد میں پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹی وی کیبل آپریٹنگ سسٹم چلا رہے تھے، جس پر پیمرا کی آپریشن ٹیم نے کارروائی کر کے ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی ہے، اس سلسلے میں پاک کالونی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پیمرا کراچی آپریشن ٹیم نے غیر قانونی سازوسامان ضبط کرلیا ہے۔ ریجنل جنرل منیجر پیمرا کراچی ریجن شیراز اصغر شیخ نے تمام کیبل ٹی وی آپریٹرز کو متنبہ کیا ہے کہ وہ لائسنس کی شرائط و ضوابط پر عمل کریں اور پابندی نہ کرنے کی صورت میں پیمرا قوانین کے مطابق خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گا۔ پیمرا کی آپریشنل ٹیم میں اے جی ایم عاصم، اے جی ایم حبیب، ایس ایف آئی محمد علی اور ایس ایف آئی عابد اور زوہیب شامل تھے۔