واپڈا نے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کے سول ورکس کا کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا

35 کروڑ46 لاکھ امریکی ڈالر کا کنٹریکٹ انٹرنیشنل بڈنگ کے بعد ایک چینی کمپنی کو دیا گیا منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530میگاواٹ ہے، 2024 کے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع کردیگا

جمعرات 6 مئی 2021 23:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) واپڈانے تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کے سول ورکس کے لئے کنٹریکٹ ایوارڈ کر دیا۔ کنٹریکٹ کی مالیت 35 کروڑ 46 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔ سول ورکس کا یہ کنٹریکٹ پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائناپی سی سی سی ایل کو انٹر نیشنل بڈنگ کے بعد دیا گیا ہے۔ معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب آج واپڈامیگا ہائیڈل کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔

پانچویں توسیعی منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد اعظم جوئیہ نے واپڈا جبکہ پی سی سی سی ایل کے پاکستان میں ایگزیکٹو نمائندے لنگ جیان کے پاور کنسٹرکشن کارپوریشن آف چائنا کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے۔چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) مزمل حسین ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسین اور ٹاسک ٹیم لیڈر ڈاکٹر ریکرڈ لائیڈن ، ممبر فنانس واپڈا نوید اصغر، ممبر واٹرعبدالظاہر خان درانی، ممبر پاورجمیل اختر، متعلقہ جنرل منیجرز اور کنسلٹنٹس کے نمائندے بھی تقریب میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا کہ واپڈا اِس وقت تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے سمیت پانی اور پن بجلی کے 10 منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ جن کی تکمیل سے ملک میں پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھ جائے گی اور نیشنل گرڈ میں سستی اور ماحول دوست پن بجلی کے تناسب میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اِن منصوبوں کی بروقت تکمیل بہت اہم ہے۔

اقتصادی استحکام اور معاشرتی ترقی میں تربیلا ڈیم کی افادیت کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ ہم اِس منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ تربیلا ڈیم کی ٹنل نمبر 5 پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ منصوبے کا منظور شدہ پی سی۔ ون 80کروڑ 70 لاکھ امریکی ڈالر پر مشتمل ہے۔ منصوبے کے لئے آئی بی آر ڈی (ورلڈ بنک) 39 کروڑ امریکی ڈالر جبکہ ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 30 کروڑ امریکی ڈالر مہیا کر رہا ہے۔

منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار530 میگاواٹ ہے۔ منصوبے کے تین پیداواری یونٹ ہیں، اور ہر یونٹ کی پیداواری صلاحیت 510میگاواٹ ہے۔ منصوبے سے 2024 کے وسط میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ یہ منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال اوسطا ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ یونٹ سستی پن بجلی فراہم کرے گا۔ تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی تکمیل پر تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4ہزار 888میگاواٹ سے بڑھ کر 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔