برطانیہ سے لاہور آئی مائرہ کا پراسرار قتل، لڑکی کے والد کا بیان سامنے آگیا

میری بیٹی کو دھوکے سے لندن سے بلوا کر قتل کیا گیا، ریاست مدینہ سے پیار کرنے والے وزیراعظم عمران خان ہمیں انصاف دلائیں۔ مائرہ کے والد ذوالفقارعلی کا مطالبہ

Sajid Ali ساجد علی اتوار 9 مئی 2021 14:40

برطانیہ سے لاہور آئی مائرہ کا پراسرار قتل،  لڑکی کے والد کا بیان سامنے ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مئی 2021ء ) برطانیہ سے لاہور آئی لڑکی مائرہ ذوالفقار کے پراسرار قتل کے حوالے سے لڑکی کے والد کا بیان سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق مائرہ کے والد ذوالفقار علی نے الزام عائد کیا ہے کہ میری بیٹی مائرہ کو دھوکے سے لندن سے بلوا کر قتل کیا گیا ، مائرہ نے ایل ایل ایم کیا تھا اور وہ پاکستان کے لیےکچھ کرنا چاہتی تھی ، ریاست مدینہ سے پیار کرنے والے وزیراعظم عمران خان ہمیں انصاف دلائیں۔

علاوہ ازیں پاکستانی نژاد برطانوی لڑکی قتل کیس میں مقتولہ کی دوست کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے ، اس حوالے سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقدمہ میں نامزد ایک ملزم کا مقتولہ کی دوست سے رابطہ ہوا تھا جب کہ پولیس کو دیے گئے بیان میں مقتولہ کی دوست نے بتایا کہ مقتولہ کی مجھ سے رابطہ کرنے والے ملزم سے چپقلش چل رہی تھی ، ملزم نے مجھ سے رابطہ کرکے مقتولہ کی دوست سے متعلق پوچھا تھا جب کہ مقتولہ واقعے سے ایک روز قبل پریشان تھی ، کیوں کہ ،مقدمہ میں نامزد2 ملزمان مقتولہ سے شادی کے لیے دباؤ ڈال رہے تھے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز5 میں برطانوی نژاد پاکستانی لڑکی کو قتل کیا گی ، ذرائع کے مطابق ماہرہ ذلفقار دو ماہ قبل برطانیہ سے آئی تھی اور ڈیفنس میں اپنی دوست کے ساتھ رہائش پذیر تھی ، گزشتہ روز ملازمت صفائی کے لیے کمرے میں داخل ہوئی تو ماہرہ کی لاش پر پڑی تھی ، پولیس کی ابتدائی تفتیش میں زیادتی یا ڈکیتی میں مزاحمت کے شواہد نہیں ملے۔

پولیس کی جانب سے برطانوی نژاد پاکستانی لڑکی مقتولہ ماہرہ کو قتل کرنے کے الزام میں ظاہر جدون اور سعد امیر بٹ کو گرفتار کیا گیا ، مقتولہ ماہرہ کے چچا کے بیان پر4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ، محمد نذیر نے دائر درخواست میں بتایا کہ ماہرہ نے چند روز قبل بتایا تھا کہ اس کے دوست اسے ''سنگین نتائج'' کی دھمکیاں دے رہے ہیں ،ماہرہ نے یہ بھی کہا کہ میری جان کو دونوں سے خطرہ ہے ، تینوں میں تنازعہ کی وجہ یہ تھی کہ سعد مائرہ کو شادی کرنے پر مجبور کرتا تھا جب کہ دوسرا دوست بھی شادی کرنا چاہتا تھا جب کہ مائرہ نے ان دونوں میں سے کسی سے بھی شادی کرنے سے انکار کر دیا تھا ۔