عید سے قبل عیدی، پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس میں کمی کر دی گئی

ایف بی آر نے پٹرولیم مصنوعات کی گزشتہ ماہ کی قیمتیں برقرار رکھنے کیلئے لائٹ اسپیڈ ڈیزل پر عائد سیلز ٹیکس میں 9 فیصد سے زائد جبکہ مٹی کے تیل پر عائد سیلز ٹیکس میں ڈیڑھ فیصد کمی کر دی

muhammad ali محمد علی منگل 11 مئی 2021 00:11

عید سے قبل عیدی، پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس میں کمی کر دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 10 مئی 2021) عید سے قبل عیدی، پٹرولیم مصنوعات پر عائد ٹیکس میں کمی کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے مئی کے ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی گزشتہ ماہ کی قیمتیں برقرار رکھنے کیلئے سیلز ٹیکس میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایف بی آر نے مٹی کے تیل اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد سیلز ٹیکس میں کمی کی ہے۔

لائٹ اسپیڈ ڈیزل پر عائد سیلز ٹیکس میں 9 فیصد سے زائد جبکہ مٹی کے تیل پر عائد سیلز ٹیکس میں ڈیڑھ فیصد کمی کر دی گئی ہے۔ جبکہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح کو 17 فیصد پر برقرار رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے یکم مئی سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس حوالے سے معاون خصوصی سیاسی روابط شہباز گل کی جانب سے بتایا گیا کہ اوگرا نے سمری میں قیمتیں 5سے 10روپے بڑھانے کی سفارش کی تھی، تاہم وزیراعظم نے پرانی قیمتیں برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمت نہیں بڑھائی جائے گی۔ اوگرا کی سمری میں 5 سے 10 روپے اضافے کی سفارش کی گئی تھی، وزیراعظم نے اسے نامنظور کر کے 16 اپریل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل رمضان المبارک میں عوام کیلئے ریلیف فراہم کرتے ہوئے حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی تھی، وفاقی حکومت کی جانب سے پٹرول 1 روپے 79 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 32 پیسے، لائٹ اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 21 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 2 روپے 6 پیسے سستا کیا گیا تھا ، کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 108.56 روپے اور ڈیزل کی نئی قیمت 110.76 روپے فی لیٹر ہو گئی جب کہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 77 روپے 65 پیسے اور مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 80 روپے مقرر کی گئی ۔