چیئرمین واپڈا کا تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ

دورے میں سائٹ پر کنٹریکٹر کی موبلائزیشن اور تعمیراتی کام شروع کرنے کی تیاریوں کا جائزہ لیا ٓتربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی تعمیر جولائی میں شروع ہو جائے گی، لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین

منگل 11 مئی 2021 19:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 مئی2021ء) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے تربیلا کے پانچویں توسیعی منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا۔ اٴْن کے دورے کا مقصد منصوبے پر تعمیراتی کام شروع کرنے کے حوالے سے سائٹ پر تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔ منصوبے کے سول ورکس کا کنٹریکٹ گزشتہ ہفتے ایوارڈ کیا جاچکا ہے اور اِس پر تعمیراتی کام جولائی میں شروع ہو جائے گا۔

چیئرمین واپڈا نے اپنے دورے میں ٹنل نمبر5، پاور ہاؤس اور سوئچ یارڈ کی سائٹس اور پاور ہاؤس کی ان ٹیک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اِس دوران اٴْنہیں کنٹریکٹر کی سائٹ پر موبلائزیشن اور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے مقرر کئے گئے اہداف کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ممبر واٹر واپڈا عبدالظاہر خان درانی، ممبر پاور واپڈا جمیل اختر، ایڈوائزر ناصر حنیف، پراجیکٹ انتظامیہ اور کنسلٹنٹس کے نمائندے بھی اِس دوران موجود تھے۔

(جاری ہے)

اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ واپڈا کا ایک اور اہم منصوبہ ہے جسے کم لاگت پن بجلی پیدا کرنے کی ترجیحی حکمت ِعملی کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے۔ اِس حکمت ِ عملی کا مقصد ملک میں بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پاکستان میں دستیاب پانی کے وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے سستی اور ماحول دوست پن بجلی کے ذریعے پورا کرنا ہے۔

تربیلا کا پانچواں توسیع منصوبہ واپڈا کے 10زیر تعمیر بڑے منصوبوں میں شامل ہے۔ سال 2022 ء سے 2028-29 ء کے دوران محض آٹھ سال کی قلیل مدت میں اِن منصوبوں کی مرحلہ وار تکمیل سے نیشنل گرڈ میں نو ہزار میگاواٹ سے زائد پن بجلی شامل ہوگی اور ملک میں پن بجلی کی پیداوار ی صلاحیت دو گنا ہو جائے گی۔ اٴْنہوں نے مزید کہاکہ نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی کے اِس اضافہ سے بجلی کی قیمت میں استحکام آئے گا اور تھرمل بجلی کی پیداوار کے لئے مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار بھی کم ہوگا۔

ملکی اقتصادیات کے استحکام کے لئے پن بجلی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے تربیلاپانچویں توسیعی منصوبے کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے مقررہ اہداف کو ہر صورت مدِ نظر رکھا جائے۔ اٴْنہوں نے تاکید کی کہ منصوبے کی تعمیر میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔