سمندری طوفان سے پاکستان اور بھارت کو خطرہ

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 15 مئی 2021 19:20

سمندری طوفان سے پاکستان اور بھارت کو خطرہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 15 مئی 2021ء) پاکستانی میڈیا کے مطابق جنوب مشرقی بحیرہ ہند میں ہوا کا کم دباؤ سمندری طوفان کی شکل اختیار کر چکا ہے جس کے باعث پاک بھارت ساحلی پٹی پر تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔

پاکستانی محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ٹؤک ٹائی کا رخ بھارتی ریاست گجرات کی طرف رہے گا۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان انتہائی تیز ہواؤں اور شدید بارشوں کا سبب بن سکتا ہے۔

ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سمندری طوفان کے باعث 100 میل فی گھنٹہ سے بھی زیادہ تیز رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں جب کہ سطح سمندر میں اضافے اور شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔

اس طوفان سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بھی خطرہ لاحق ہونے کا خدشہ ہے جب کہ بھارت کی مغربی ریاست گجرات بھی اس طوفان سے متاثر ہو سکتی ہے۔

(جاری ہے)

ماہرین کے خدشات درست ثابت ہوئے تو یہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستانی اور بھارتی ساحلوں سے ٹکرانے والا سب سے خطرناک سمندری طوفان ہو گا۔

کراچی میں طوفان کے خطرے کے پیش نظر حکومتی اقدامات

پاکستانی محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ موسمی سسٹم کے باعث اگلے ہفتے کے آغاز سے صوبہ سندھ کے کئی علاقوں میں بارش اور تیز رفتار ہوائیں چلنے کا خطرہ ہے۔

علاوہ ازیں یہ پیش گوئی بھی کی گئی ہے کہ کراچی سمیت سندھ کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت 40 تا 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہے گا۔

صوبہ سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے موجودہ صورت حال کے پیش نظر ہنگامی ٹیم تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔

مراد علی شاہ نے کراچی میں نصب بل بورڈز فوری طور پر ہٹا دینے کی ہدایات کی ہیں۔ انہوں نے سندھ کے ضلع تھرپارکر میں بارشوں کے خدشات کے پیش نظر مقامی انتظامیہ کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔