پب جی کھیلنے سے منع کرنے پر نویں جماعت کے طالبعلم کی خود کشی کی کوشش

نوجوان نے زراعت میں استعمال ہونے والی جراثیم کش ادویات پی لیں، حالت تشویشناک ہے۔ ڈاکٹرز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 مئی 2021 15:27

پب جی کھیلنے سے منع کرنے پر نویں جماعت کے طالبعلم کی خود کشی کی کوشش
نواب شاہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 مئی 2021ء) : نواب شاہ میں پب جی گیم کھیلنے سے منع کرنے پر نویں کلاس کے طالب علم نے خود کشی کی کوشش کی۔ تفصیلات کے مطابق نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے نویں جماعت کے طالبعلم نے پب جی گیم کھیلنے سے منع کرنے پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی ناکام کوشش کی جس کے بعد اسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ڈاکٹرز نے بتایا کہ طالب علم اوشاق علی نے زراعت میں استعمال ہونے والی جراثیم کش ادویات پی کر خود کشی کی کوشش کی۔ ڈاکٹرز کے مطابق اوشاق کی حالت انتہائی تشویش ناک ہے جبکہ زہر نکالنے کے لیے کوشش جاری ہے۔ واضح رہے کہ معروف موبائل گیم ''پب جی (PUBG)'' کھیلنے والے دنیا بھر میں موجود ہیں۔ اس گیم میں دو ٹیموں کا آپس میں مقابلہ ہوتا ہے، ایک کھلاڑی سے لے کر 100 کھلاڑیوں تک کی ٹیم ہوتی ہے جو انٹرنیٹ کے ذریعے ایک دوسرے سے جُڑتی ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے کھلاڑی جہاز سے زمین پر اُتر کر پہلے اسلحہ تلاش کرتے ہیں اور پھر سامنے والے کھلاڑی کو فائرنگ کر کے مارتے ہیں۔ فاتح کھلاڑی کو اعزاز میں ''چکن ڈنر'' دیا جاتا ہے۔ پب جی گیم کو لے کر اس سے قبل بھی کئی جرائم ہو چکے ہیں، لیکن پب جی نے کئی جوڑوں کی شادی بھی کروائی۔ گذشتہ ماہ اپریل میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے نواں کوٹ میں نوجوان نے آن لائن گیم پب جی کھیلنے سے روکنے پر فائرنگ کرکے 4 افراد کو قتل اور 1 کو زخمی کردیا تھا۔

قبل ازیں ایک نوجوان نے پب جی پر بلاک کرنے پر 15 سالہ بچے کو دوستوں کے ساتھ مل کر زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا تھا۔ مرکزی ملزم کے مطابق اس نے اپنے تین دوستوں کے ذریعے بچے کو اغوا کیا۔ملزم نے بچے کے ساتھ زیادتی کرنے کے بعد دوستوں کے ساتھ مل کر بچے کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔