کینیڈا میں ہونے والے واقعہ کے حوالے سے تفصیلات معلوم کرلی ہیں،یہ انفرادی واقعہ نہیں ،اسلاموفوبیا کا بڑھتا ہوا رجحان ہے ، شاہ محمود قریشی

یورپ میں 65 فیصد مسلمان رہتے ہیں،اسلامو فوبیا کے بڑھتے رجحان کو روکنا ہو گا،ایسے واقعات کیخلاف اکیلے پاکستان کی آواز موثر نہیں ہوگی،پوری امہ کو یکجا ہونا ہو گا، وزیر خارجہ کا پالیسی بیان

منگل 8 جون 2021 23:09

کینیڈا میں ہونے والے واقعہ کے حوالے سے تفصیلات معلوم کرلی ہیں،یہ انفرادی ..
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2021ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کینیڈا میں ہونے والے واقعہ کے حوالے سے تفصیلات معلوم کرلی ہیں،یہ انفرادی واقعہ نہیں ،اسلاموفوبیا کا بڑھتا ہوا رجحان ہے جو تشویشناک ہے،یورپ میں 65 فیصد مسلمان رہتے ہیں،اسلامو فوبیا کے بڑھتے رجحان کو روکنا ہو گا،ایسے واقعات کیخلاف اکیلے پاکستان کی آواز موثر نہیں ہوگی،پوری امہ کو یکجا ہونا ہو گا۔

پارلیمنٹ میں پالیسی دیتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ 7 جون کوعلی الصبح کینیڈا میں یہ افسوسناک واقعہ ہوا،اس واقعے میں 4پاکستانی کینیڈین شہید ہوئے،بدقسمت خاندان کا9 سالہ بچہ ہسپتال میں داخل ہے۔ انہوںنے کہاکہ یہ دردناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ ہے،واقعے کے حوالے سے تفصیلات معلوم کرلی ہیں،نہیں چاہتا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے پہلے کوئی بات کروں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ انفرادی واقعہ نہیں ہے یہ اسلاموفوبیا کا بڑھتا ہوا رجحان ہے جو تشویشناک ہے،نیوزی لینڈ میں جو مسجد میں حملہ ہوا وہ سب کے سامنے ہے۔وزیرخارجہ نے کہاکہ نیدرلینڈز میں گستاخانہ خاکوں سے پوری امت دکھی ہوئی،فرانس میں جو ہوا سب کے سامنے ہے،معاشرے تقسیم ہورہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یورپ میں 65 فیصد مسلمان رہتے ہیں،اسلامو فوبیا کے بڑھتے رجحان کو روکنا ہو گا۔

انہوںنے کہاکہ ایسے واقعات کیخلاف اکیلے پاکستان کی آواز موثر نہیں ہوگی،پوری امہ کو اس حوالے سے یکجا ہونا ہو گا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ واقعہ رونما ہونے سے فیملی کو اطلاع تک 12 گھنٹے کا وقفہ ہے،سلمان افضل،ان کی والدہ،اہلیہ اور بیٹی شہید ہوگئے،بیٹا زخمی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کینیڈین پولیس نے بھی دہشتگردی کا شبہ نظرانداز نہیں کیا،شہید افراد، پرامن طریقے سے کینیڈا میں مقیم تھے۔شاہ محمودقریشی نے کہاکہ ان کا قصور یہ تھا کہ وہ صرف مسلمان تھے، متاثرہ خاندان صدمے اور غم میں مبتلا ہے۔