چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز کا آئی جی پولیس ثناء اللہ عباسی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

جمعہ 11 جون 2021 00:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2021ء) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے سابقہ آئی جی پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی ایک فرض شناس، قابل اور ایماندار پولیس افسر ہیں جن کی انتھک محنت قابلیت اور پروفیشنل ازم پوری پولیس فورس کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی ان افسران میں شامل ہیں جنہوں نے دوران سروس ہمیشہ عوامی خدمت، میرٹ اور سسٹم کی پاسداری کو شعار بنائے رکھا اور اپنی ہر ذمہ داری کو بہترین انداز میں سر انجام دے کر پولیس فورس کی عزت و وقار میں اضافے کا باعث بنے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیو کی کمپین ہو یا کوئی بھی ہنگامی صورتحال سب سے پہلے آئی جی صاحب کو فرنٹ لائن پر پایا۔

اس موقع پر سابقہ آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ثناء اللہ عباسی نے کہا کے خیبر پختونخواکے لوگ مہمان نواز ہیں، خوشگوار یادیں لیکر جا رہا ہوں۔ انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کی بیوروکریسی کو بہت مثالی پایا چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے ساتھ بہترین تعلقات ہے ان کی کمی شدت سے محسوس کروں گا۔ تقریب میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ خیبر پختونخوا میاں شکیل، ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شمائل بٹ نے بھی خصوصی شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈ پیش کی۔