اماراتی پہاڑیوں پر تفریح کی خاطرگئے پاکستانی نوجوان کی حالت خراب ہو گئی

اماراتی حکام نے ہیلی کاپٹر کے ذریعے بلند مقام پر پہنچ کر پاکستانی نوجوان کو ریسکیو کر لیا، ویڈیو سامنے آ گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 12 جون 2021 17:49

اماراتی پہاڑیوں پر تفریح کی خاطرگئے پاکستانی نوجوان کی حالت خراب ہو ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12 جون 2021ء) یو اے ای میں بہترین ہیلتھ سسٹم نافذ ہے جس میں برق رفتار ایمبولینس اور ریسکیو سسٹم بھی شامل ہے۔ امارات میں انسانی جان کی بہت زیادہ قدر و قیمت سمجھی جاتی ہے۔ اسی وجہ سے کسی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہیلی کاپٹرز بھی موجود ہیں جو ایسے دشوار گزار مقامات پر پہنچ جاتے ہیں جہاں ایمبولینس کا پہنچنا مشکل ہے یا اس میں تاخیر کا خدشہ ہو۔

گزشتہ روز اماراتی ریاست راس الخیمہ کی پہاڑیوں پر تفریح کی خاطر جانے والے پاکستانی نوجوان کی حالت بگڑ گئی۔ جس کی وجہ گرمی اور تھکان تھی۔ اس نوجوان کی زندگی کو درپیش خطرات کے مدنظر اسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کر کے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جس کے نتیجے میں اس کی زندگی محفوظ رہ گئی۔

(جاری ہے)

خلیج ٹائمز کے مطابق21 سالہ پاکستانی نوجوان ہائیکنگ کے لیے راس الخیمہ کی شوخہ پہاڑیوں پر گیا تھا۔

تاہم سخت گرمی میں اس نوجوان کی حالت ناساز ہو گئی اور وہ وہیں پہاڑوں میں ہی پھنس گیا۔ راس الخیمہ پولیس نے بلندی پر پھنسے اس نوجوان کو ریسکیو کر لیا ۔ راس الخیمہ پولیس آپریشنز روم کو اطلاع ملی تھی کہ ایک پاکستانی نوجوان پہاڑوں کی سیر کے دوران بُری طرح تھک گیا ، شدید گرمی کی وجہ سے اس کی حالت بگڑ گئی ہے اوروہ نیم بے ہوش ہو گیا ہے۔

یہ اطلاع ملنے کے بعد نیشنل ریسرچ اینڈ ریسکیو سنٹر کی جانب سے ہیلی کاپٹر پر طبی عملہ روانہ کر دیا گیا۔ ریسکیو ٹیم نے نوجوان کو ایک کھجور کے درخت سے بنے شیڈ میں لیٹے ہوئے دیکھا۔ اس ریسکیو کی کارروائی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری ہو گئی ہے جس میں ریسکیو حکام کو نوجوان کو پہاڑی علاقے میں سرچ اور ریسکیو مشن کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک ریسکیو آفیسر کو پاکستانی نوجوان کی طرف بڑھتے دکھایا گیا ہے جو کھجور کے درخت شیڈ میں نیم بے ہوشی کی حالت میں لیٹا ہوا ہے۔ پاکستانی نوجوان کو فوری طبی امداد دی گئی، جس سے اس کی طبیعت کچھ بہتر ہو گئی جس کے بعد اسے الزاید ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :