ویمنز ایڈیشن 2021 کا کراچی کے فرئیر ہال میں آغاز

ہفتہ 12 جون 2021 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) کراچی فلم سوسائٹی کے زیراہتمام منعقدہ سہہ روزہ پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2021 ویمن ایڈیشن کا آغاز میٹروپولیٹن شہر کراچی میں ہوگیاا جس میں عالمی وبائی مرض کرونا کے تمام رہنما خطوط اور ایس او پیز پر عمل کیا گیا۔فیسٹول کا آغاز ایک خصوصی پینل ڈسکشن بعنوان ’’ہماری فلموں کو بین الاقوامی سطح پر بڑھنے سے کیا روک رہا ہے‘‘سے ہوا۔

سیمینار میں چیئرمین سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات ‘سینیٹر فیصل جاوید خان کے علاوہ کے ایف ایس کے بانی ممبران اور میڈیا برادری نے بھی شرکت کی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز فیسٹول کی ڈائریکٹر مصباح خالد نے کیا جنہوں نے سال رواں میں فیسٹول کے عنوان پر روشنی ڈالنے کے بعد کراچی فلم سوسائٹی کی صدر سلطانہ صدیقی کو مدعوکیا۔

(جاری ہے)

سلطانہ صدیقی نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کراچی فلم سوسائٹی اور پاکستان انٹرنیشنل فلم فیسٹول کے بنیادی مقاصد کو بیان کیا اورفلم انڈسٹری کے فروغ کے لئے نوجوانوں کو اس صنعت کی طرف راغب کرنے اور ان میں تکنیکی صلاحیتیں منتقل کرنے پر زور دیا ۔

بعد ازاں پینل ڈسکشن کا باقاعدہ آغاز ہوا جس کے ماڈریٹر کے فرائض معروف فلم نقاد کامران جاو ید نے سرانجام دیئے جب کہ پینل میں پاکستان کے معروف فلم پروڈکشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنی آئی ایم جی سی گروپ کے چیئرمین امجد رشید اور پاکستان کی معروف پبلک ریلیشن ایجنسی لوٹس پی آرکی سی ای او سلینہ رشید ‘ اے آر وائی گروپ کے سینئر وائس پریذیڈنٹ عرفان ملک اور زیر تکمیل پاکستانی فلم ’’ایکوبومرز‘‘ کے ایگزیکٹو پروڈیوسر عمر ایچ پراچہ شامل تھے جنہوں نے عنوان سے منسلک مسائل ‘ درپیش چیلنجز اور حکومتی تعاون پر سیر حاصل بحث کی بعد ازاں سینیٹر فیصل جاوید خان نے تقریب سے خطاب کیا ۔

انھوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ بین الاقوامی سطح پر فلموں کی پذیرائی پر بحث کرنے سے پہلے ہمیں ملکی سطح پر فلمی صنعت کو درپیش مسائل پر کام کرنا پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی بقا کے لئے اس وقت ہمیں کم از کم ایک ہزار سنیما گھروں جبکہ سالانہ سو فلموں کی شدید ضرورت ہے۔ حکومتی تعاون سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے فلمی صنعت سے وابستہ ایک پالیسی تشکیل دینے کی ہدایات دی ہیں جس کا باضابطہ اعلان بہت جلد کیا جائے گا۔

پی آئی ایف ویمنز ایڈیشن 2021ء کا انعقاد کے ایم سی ‘ ڈبیلو سی سی آئی ‘ پی این سی اے ‘ پی ایف پی اے ‘ آذات فلمز ‘ ایم جعفر جیز ‘ امیج ‘ ایکٹو میڈیا ‘ بک اٹ نائو ‘ لیڈیز فنڈز اور ڈائس فائونڈیشن کے تعاون سے کیا جارہا ہے۔