سرجیکل ٹاو ر میو ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ شعبہ ریڈیالوجی میں پین کلینک قائم

جسمانی دردوں کے مریضوں کیلئے خوشخبری ،آپریشن کی زحمت سے بچ جائیں گے ‘ڈاکٹر شہزاد بھٹی کینسر کے مریض شدید درد میں مبتلا ہوتے ہیں،اُن کو بھی ریلیف ملے گا ‘اسسٹنٹ پروفیسر ریڈیالوجی

اتوار 13 جون 2021 18:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) میڈیکل کے شعبے میں جدت اور روز افزوں ہونے والی ترقی کے ثمرات پاکستان میں بھی سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور اس سلسلے میں اہم پیش رفت کے مطابق جسمانی دردوں میں مبتلا مریضوں کے لئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے ۔ایسے مریض آپریشن کی تکلیف سے بچ جائیں گے اور انہیں ایشیاء کی سب سے بڑی علاج گاہ میو ہسپتال سرجیکل ٹاور میں ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کے تحت قائم کردہ پین کلینک سے خاطر خواہ ریلیف ملے گا ۔

اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ ریڈیالوجی ڈاکٹر شہزاد کریم بھٹی کی سربراہی میں کام کرنے والے اس پین کلینک میں جوڑوں ،پٹھوں ، کمر اور سلپ ڈسک کے درد میں مبتلا افراد کا جدید طریقوں سے علاج عمل میں لایا جائے گا جس سے مریض کو فوری طور پر دردوں سے نجات ملے گی جبکہ نادار اور مستحق مریضوں کو مفت طبی سہولیات میسر ہوں گی ۔

(جاری ہے)

بیرون ملک سے تربیت یافتہ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شہزاد کریم بھٹی کا کہنا تھا کہ اس پین کلینک کا اجراء اپنی نوعیت آپ ہے جہاں دیگر بیماریوں کے ساتھ ساتھ کینسر کا علاج بھی شروع کر دیا گیا ہے کیونکہ کینسر کے مریض اکثر شدید درد میں مبتلا ہوتے ہیں اور جن کے علاج کے لئے عام طور پر کوئی دوائی اثر نہیں کرتی ،ایسے مریض غنودگی میں چلے جاتے ہیں اور انہیں درد محسوس نہیں ہوتی۔

ڈاکٹر شہزاد کریم بھٹی نے بتایا کہ سرجیکل ٹاور میو ہسپتال کے پین کلینک میں انسانی جسم میں درد پیدا کرنے والی نسوں کو سن کر دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے مریضو ں کو فوری طور پر سکون ملتا ہے ۔ اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شہزاد کریم بھٹی نے میو ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر ثاقب سعید،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج پروفیسر خالد مسعود گوندل اور میو ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر افتخار کی خصوصی رہنما و تعاون کو سراہا ۔

انہوں نے بتایا کہ سرجیکل ٹاور میو ہسپتال میںجو مشینری نصب کی گئی ہے وہ صوبے بھر کے کسی اور ہسپتال میں دستیاب نہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایات کے مطابق ضرورت مند اور نادار مریضوں کو جدید طبی سہولیات بہم پہنچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور بالخصوص جسمانی دردوں کے جدید طریقہ علاج کے حوالے سے میو ہسپتال میں ہونے والی یہ اہم پیش رفت قابل ستائش ہے جس کا بلا واسطہ فائدہ عام آدمی کو پہنچے گا ۔