سعودی حکومت نے اس بار کے حج پیکیجز کا اعلان کر دیا

اس بار حج کا مہنگا پیکیج 16,650 ریال جبکہ سستا ترین پیکیج 12,113ریال کو ہوگا، درخواستوں کی وصولی شروع ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 14 جون 2021 07:12

سعودی حکومت نے اس بار کے حج پیکیجز کا اعلان کر دیا
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14 جون2021ء) سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وبا کے پیش نظر اس بار حج مملکت میں مقیم غیر ملکیوں اور مقامی افراد تک ہی محدود کر دیا گیا ہے۔ سعودیہ سے باہر مقیم افراد اس بار حج کی سعادت سے محروم ہی رہیں گے۔ سعودی وزارت حج کی جانب سے حج درخواستوں کی وصولی آن لائن پلیٹ فارم سے شروع کر دی گئی ہے۔ جو لوگ اس بار حج کے خواہش مند ہیں وہ اپنی درخواستیں وزارت حج و عمرہ کی ویب سائٹ پر 10 روز تک جمع کروا سکتے ہیں۔

اس کے بعد کوئی درخواست وصول نہیں کی جائے گی۔ وزارت حج کے مطابق اس بار کورونا پوروٹوکولز کی وجہ سے حج پیکیج ماضی کے مقابلے میں مہنگے ہوں گے۔ وزارت کی جانب سے مندرجہ ذیل تین حج پیکیجز متعارف کرائے گئے ہیں:
۔ پہلا پیکیج ”ضیافة ابراج‘ کے نام سے ماضی میں پیش کیے گئے پیکیج کے متوازی ہو گا۔

(جاری ہے)

اس پیکیج میں اضافی اخراجات شامل کرنے کے بعد اس کی قیمت بغیر ویلیو ایڈد ٹیکس کے 16,650 ریال سے شروع ہو گی۔

 ۔ دوسر پیکیج ا ”ضیافة مخیمات“ کے نام سے ماضی میں پیش کیے گئے پیکیج کے متوازی ہو گا۔اس پیکیج میں تمام اضافی اخراجات شامل کرنے کے بعد اس کی قیمت بغیر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے 14381 ریال سے شروع ہو گی۔
۔ تیسرا پیکج” ضیافة مخیمات“ کے نام سے ماضی میں پیش کیے گئے پیکیج کے متوازی ہو گا۔ اس پیکیج میں تمام اضافی اخراجات شامل کرنے کے بعد اس کی قیمت بغیر ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے12,113 ریال سے شروع ہو گی۔

واضح رہے کہ سعودی وزارت حج نے دو روز اقبل اعلان کیا تھا کہ صرف سعودی شہری اور ملک میں مقیم غیر ملکی افراد ہی رواں سال حج کرسکیں گے اور اس طرح حج کی خواہش رکھنے والے دیگر ممالک کے شہریوں کو رواں برس حج کے لیے آنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔سعودی وزارت حج کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس کی صورتحال اور وائرس کی ابھرتی ہوئی نئی اقسام کو دیکھتے ہوئے حجاج کی تعداد کو محدود کیا گیا ہے۔

سعودی وزارت حج نے حجاج کرام کی تعداد کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ رواں برس صرف 60 ہزار افراد کو حج کرنے کی اجازت ہوگی اور ان تمام افراد میں سعودی عرب کے شہری اور ملک میں رہنے والے غیر ملکی دونوں شامل ہوں گے۔سعودی وزارت حج کا کہنا تھاکہ حج کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسی طویل بیماری میں مبتلا نہ ہوں۔اس کے علاوہ حج کرنے کے لیے عمر کی حد 18 سے 65 سال رکھی گئی ہے اور حج کرنے کے خواہش مند افراد کی کورونا ویکسی نیشن مکمل ہونا ضروری ہے۔

حج بیت اللہ 1442 ہجری کی آمد میں اب 40 دن سے بھی کم وقت باقی رہا ہے۔ امید کی جا رہی تھی کہ رواں سال غیر ملکی عازمین کو حج ادائیگی کی اجازت مل جائے گی، تاہم سعودی حکومت نے گزشتہ برس کی طرح رواں برس بھی محدود پیمانے پر حج کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس کورونا وبا کی وجہ سے صرف چند ہزار عازمین نے حج ادا کیا تھا۔