ملک میں سیاحت اور ثقافتی تنوع کو فروغ دینے کے لئے سفارت خانہ برسلز کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد

پیر 14 جون 2021 20:34

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) ملک میں سیاحت اور ثقافتی تنوع کو فروغ دینے کے لئے سفارت خانہ برسلز کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔برسلز میں پاکستان کے سفارتخانے نے پاکستان کی ثقافت اور سیاحت کی صلاحیت کو فروغ دینے کے لئے پاکستان ہاؤس میں ایک پروگرام کی میزبانی کی۔ لاکھوں آن لائن فالوورز پر مشتمل سوشل میڈیا بلاگز کی ایک بڑی تعداد نے استقبالیہ میں شرکت کی۔

بیلجیم ، لکسمبرگ اور یوروپی یونین میں پاکستان کے سفیر جناب ظہیر اے جنجوعہ نے اپنے استقبالیہ کلمات میں پاکستان میں سیاحت اور سیاحتی مقامات کی ترقی کے لئے حکومت کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی بیک پیکر سوسائٹی ، فوربس اور کونڈے نسٹ ٹریولر نے پاکستان کو دنیا کی سرفہرست سیاحتی منزل قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

سفیر پاکستان نے سماجی اور ڈیجیٹل میڈیا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پلیٹ فارم ہماری روزمرہ کی زندگی کا ایک لازمی عنصر بن چکے ہیں۔

پاکستان میں لوگ ثقافت ، ادب ، موسیقی ، فلموں ، سیاست ، تعلیم ، صحت اور سیاحت سمیت زندگی کے تمام پہلوؤں پر اپنے نقطہ نظر کو شیئر کرنے کے لئے سوشل میڈیا فورمز کو فعال طور پر استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا کے زریعے اطلاعات تک رساء ، شفافیت کو یقینی بنانے اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے استعمال کر رہی ہے انہوں نے شرکا کو پاکستان کا دورہ کرکے ملک کی دلکش خوبصورتی ، ثقافتی تنوع اور پاکستان کی مہمان نوازی دیکھنے کی دعوت بھی دی۔اس تقریب میں پاکستانی کھانے اور ثقافت کے تعارف کے علاوہ روایتی چوڑیوں اور مہندی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔مہمانوں نے تقریب کے انعقاد اور پاکستانی ثقافت اور کھانے کو بیحد سراہا۔