صوبائی بجٹ کا فوکس عام آدمی کی بہتری ہے : یاور عباس بخاری

پیر 14 جون 2021 22:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2021ء) صوبائی وزیر سماجی بہبود سید یاور عباس بخاری نے پنجاب کیلئے بجٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلی سردار عثمان بزدار اور ان کی ٹیم بہترین بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بجٹ ہر لحاظ سے عوامی امنگوں کا ترجمان ہے۔ پنجاب کے بجٹ کا فوکس عام آدمی کی بہتری ہے۔

(جاری ہے)

سید یاور عباس بخاری نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سوشل ویلفیئر کے بجٹ میں پہلی بار 300 فیصد اضافہ کیا گیا جس سے وزیراعظم عمران خان کے ریاست مدینہ کے ویژن کی تکمیل میں مدد ملے گی۔ وزیراعلی عثمان بزدار سماجی شعبے کی بھرپور ترقی چاہتے ہیں اور پنجاب کا سالانہ بجٹ اس کا واضح ثبوت ہے۔ وزیر سماجی بہبود نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگلے دو بجٹوں میں بھی عوام کے لئے مزید آسانیاں پیدا کرتے ہوئے سماجی بھلائی، صنعتی ترقی اور زرعی خود کفالت کی منزل کو حاصل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی چیخ و پکار سے صاف پتہ چل رہا ہے کہ انہیں عوام دوست بجٹ سے کتنی تکلیف ہوئی ہے۔