فشر مینز کو آپریٹوسوسائٹی کے انتخابات کی تیاریاں عروج پر

امیدواروں کی باہمی رضا مندی کے بعد پولنگ کا وقت تبدیل کر دیا گیا،انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل

منگل 15 جون 2021 16:26

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) فشر مینز کو آپریٹوسوسائٹی کے انتخابات کی تیاریاں عروج پر،امیدواروں کی باہمی رضا مندی کے بعد پولنگ کا وقت تبدیل کر دیا گیا،انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرجنرل ثقافت اور الیکشن آفیسرعبدالعلیم لاشاری کی زیر صدارت فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کے بورڈ روم میںالیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ساتھ اہم اجلاس ہوا۔

اجلاس میں بروقت انتخابات کے انعقاد اور شفافیت برقرار رکھے جانے کے اقدامات کو سراہا گیا۔الیکشن آفیسر عبدالعلیم لاشاری نے تمام امیدواروں کی جانب سے متفقہ درخواست کو منظور کرتے ہوئے پولنگ کا وقت تبدیل کر دیا۔اب پولنگ18جون جمعہ کے روز صبح 9بجے کے بجائے دوپہرڈھائی بجے شروع ہوگی۔

(جاری ہے)

حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے آنے والے ووٹرز کو اپنا قومی شناختی کارڈاورممبرشپ کارڈ ہمراہ لانا ہو گا۔

الیکشن آفیسر عبدالعلیم لاشاری نے کہا کہ بوگس ووٹ کی روک تھام کے لیے پولنگ ایجنٹس کے ساتھ ساتھ اہم اقدامات اٹھا لیے گئے ہیں۔ممبران کی شناخت کے بعد شام4بجے انٹری گیٹ بند کر دیا جائے گا۔اور پولنگ بغیر کسی وقفے کے جاری رکھی جائے گی۔الیکشن آفیسر عبدالعلیم لاشاری نے امیدواروںپر زور دیا کہ وہ ضابطہ اخلاق اور کرونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔