ایپسوس کے سروے میں 72فیصد پاکستانیوں نے ملکی معاشی سمت غلط قرار دے دی

ملکی معیشت پر پاکستانیوں کا اعتماد عالمی اوسط سے کم،83فیصد پاکستانیوں نے ملک میں سرمایہ کاری کرنے سے متعلق شک و شبہات کا اظہار کر دیا

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 15 جون 2021 22:10

ایپسوس کے سروے میں 72فیصد پاکستانیوں نے ملکی معاشی سمت غلط قرار دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ،اخبار تازہ ترین، 15جون 2021) ملکی معیشت پر پاکستانیوں کا اعتماد عالمی اوسط سے کم, 83 فیصد پاکستانیوں کا ملک میں سرمایہ کاری کرنے سے متعلق شک و شبہات کا اظہار، 72 فیصد نے ملکی معاشی سمت غلط قرار دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ایپسوس کی جانب سے نئے سروے کی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملکی معیشت پر پاکستانیوں کا اعتماد عالمی اوسط یعنی 46.4 فیصد سے کم ہے۔

ریسرچ کمپنی اپسوس نے پاکستانی عوام کی رائے پر مبنی نیا سروے جاری کیا ہے جس کے مطابق 86 فیصد پاکستانیوں نے گھر یا گاڑی جیسی اہم خریداری کے بارے میں پُراعتماد نہ ہونے کا کہا۔83فیصد نے مستقبل میں سرمایہ کاری کرنے سے متعلق شک و شبہے کا اظہار کیا۔اس سے قبل اپریل میں اپسوس کے سروے میں ملکی معیشت پر پاکستانی صارف کا اعتماد عالمی اوسط سے کم ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

(جاری ہے)

ایپسوس کے سروے میں مزید بتایا گیا کہ ایپسوس کے سروے میں 75 فیصد پاکستانیوں نے مہنگائی کو سب سے اہم مسئلہ قرار دیدیا۔ 70فیصد نے غربت کو پریشان کن کہا۔60فیصد نے حکومت کی معاشی پالیسی ناکام قرار دے دیں۔38 فیصد پاکستانیوں نے ملکی حالات خراب ہونے کی پیش گوئی کی- 86فیصد پاکستانی روزگار کے محفوظ ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں بھی پر اعتماد نظرنہیں آئے ۔

اس بات کا انکشاف ریسرچ کمپنی کے کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس کی تازہ ترین سروے رپورٹ میں ہوا ۔ جس میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد افراد نے حصہ لیا۔ یہ سروے 02جون سے 06جون 2021 کے درمیان کیا گیا۔ ایپسوس کے مطابق ملک کے سب سے اہم مسائل کے سوال پر پاکستانی عوام کی اکثریت یعنی 75فیصد نے مہنگائی کو سب سے اہم مسئلہ کہا ۔جبکہ 70فیصد نے بیروزگاری کو اہم مسائل میں شمار کیا۔

53فیصد نے غربت اور 38فیصد نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے جبکہ36 فیصد نے ٹیکسوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ پر تشویش کا اظہار کیا ۔ اپسوس کے مطابق اگست 2019 سے بیروزگاری اور غربت پاکستانیوں کے اہم مسائل کی فہرست میں سب سے اوپر ہیں۔سروے رپورٹ میں یہ بھی دیکھا گیا کہ 2021 کے آغاز سے روزگار کے غیر محفوظ ہونے پر بھی پاکستانیوں کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے اور ہر 10میں سے 8پاکستانی یعنی 86فیصد نے روزگار کے محفوظ ہونے کے بارے میں کم پراعتماد ہونے کا کہا۔

جبکہ 14 فیصد نے روزگار کے محفوظ ہونے پر اعتماد کا اظہار کیا۔کورونا کی وبا کے باعث ملازمت جانے کے سوال پر 54 فیصد پاکستانیوں نے اس سے انکار کیااور کہا کے ان کی یا کسی جاننے والے کی ملازمت کورونا کی وبا دوران نہیں گئی ۔ لیکن 46فیصد پاکستانیوں نے خود کے یاکسی جاننے والے کی ملازمت کورونا کی وبا کے دوران جانے کا انکشاف کیا ۔