جنرل ہسپتال سے منسلک میڈیکل کالج کی امتحانات میں صوبہ بھر میں دوسری پوزیشن

طلبا و طالبات جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ رہیں،صرف ڈگری پر اکتفا ء نہ کریں ‘پرنسپل پی جی ایم آئی سٹوڈنٹس اور فیکلٹی ممبران کیلئے مبارکباد ،پی جی ایم آئی کیلئے بھی باعث فخر ہے ‘پروفیسر سردار محمد الفرید ظفر

بدھ 16 جون 2021 16:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) لاہور جنرل ہسپتال سے منسلک امیر الدین میڈیکل کالج کے ایم بی بی ایس فائنل ائیر کے امتحانات میں طلبا و طالبات نے پنجاب بھر کے 41میڈیکل کالجز میں دوسری پوزیشن حاصل کر نے کا اعزاز حاصل کر لیا اور یوں ایک مرتبہ پھر اس ادارے کو میڈیکل کے شعبے میں منفرد مقام حاصل رہا ہے جس نے اپنے قیام کے 9برسوں کے اندر ہمیشہ سالانہ امتحانات میں بہترین نتائج دیے ہیں ۔

پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے اس شاندار کامیابی پر فیکلٹی ممبران اور طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تمام میڈیکل کالجز میں دوسری پوزیشن حاصل کرنا خوش آئند امر ہے جو امیر الدین میڈیکل کالج کے ساتھ ساتھ پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ کیلئے بھی باعث فخر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حالانکہ کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثرہوئی ہیں ،کالج بند تھا لیکن اساتذ ہ اور سٹوڈنٹس نے آن لائن تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رکھا جس پر اُن کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 2012میں قائم ہونے والا یہ میڈیکل کالج اس لحاظ سے بھی منفرد حیثیت کا حامل ہے کہ یہاں پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ میں درس و تدریس کے فرائض سر انجام دینے والی فیکلٹی ہی انڈر گریجویٹ بچوں کو تعلیم فراہم کرتی ہے۔ پرنسپل پی جی ایم آئی نے سٹوڈنٹس پر زور دیا کہ وہ جدید تحقیق سے استفادہ کرتے رہیں،صرف ڈگری پر اکتفا ء نہ کریں بلکہ اپنے علم کو عہد حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ رکھیں اور دکھی انسانیت کی خدمت میں اسی جوش و جذبے کے ساتھ عملی طور پر خدمات سر انجام دیں جس کے تحت انہوں نے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کا آغاز کیا تھا۔

پروفیسر الفرید ظفر نے امید ظاہر کی کہ امیر الدین میڈیکل کالج مستقبل میں بھی ایسی ہی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتا رہے گا اور یہاں زیر تعلیم طلبا و طالبات ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ امیر الدین میڈیکل کالج کے سٹوڈنٹس یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام ہونے والے تمام امتحانات میں ہمیشہ نمایاں طور پر کامیاب ہوئے ہیں اور اس مرتبہ پھر دوسری پوزیشن کا اعزاز حاصل کرنا خود ان بچوں کی خوش نصیبی ہے جنہیں ایسا تعلیمی ادارہ میسر آیا ہے۔