متوقع تیز بارش اور سمندر ی طوفان کی پیشنگوئی کے پیش ِ نظر بلدیہ وسطی میں ایمرجنسی نافذ

بدھ 16 جون 2021 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) متوقع تیز بارشوں اور سمندری طوفان کی پیشنگوئی کے پیشِ نظربلدیہ وسطی میں ایمرجنسی کا نفاذ ،متعلقہ محکمے کے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ ضلع وسطی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور بلدیہ وسطی کے تعاون سے برساتی نالوں کی صفائی ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے ۔جبکہ روز آنہ کی بنیاد پر کچرا اُٹھانے اور صفائی کا عمل مسلسل جاری ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں متوقع تیز بارش اور سمندری طوفان کی پیشنگوئی سمیت ضلع وسطی میں مستقبل قریب میں ممکنہ طور پر ہونے والی مون سون بارشوں سے پیداہونے والے پریشان کن حالات سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اشتراک سے بھاری مشنری اور افرادی قوت کو استعمال میںلاکر کچرے کا ڈھیر بن جانے والے برساتی نالوں کو صاف کیاجا رہا ہے تاکہ بارش کا پانی رہائشی علاقوں اور تجارتی مراکز سے بہ آسانی گزر جائے ۔

(جاری ہے)

اور بستیاں تالاب کا منظر پیش کرنے سے بچ جائیں۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ وسطی ڈاکٹر محمد بخش راجا دھاریجو کی ہدایت پر ضلع وسطی کی عوام کو بارشوں کے دوران مکمل ریلیف دینے کے لئے بلدیہ وسطی میں ایمرجنسی کا نفاذ کردیا ہے جبکہ متعلقہ محکمے کے افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کرنے کے ساتھ ساتھ بلدیہ وسطی کے ریسکیو کے عملے کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید محمد علی زیدی KMC کے چیف انجینئر محمد طحہٰ،ڈائریکٹر ورکس اینڈ سروسز نعمان ارشد و دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں برساتی نالوں کی صفائی کے کام کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ عوام کو دوران برسات مکمل ریلیف دیا جاسکے اور ماضی کی طرح مشکلات کا شکار نہ ہو ۔

واضح رہے کہ ضلع وسطی میں اکثر برساتی نالوں پر تجاوزات قائم ہونے کی وجہ سے نالوں کی صفائی میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ عوام کی جانب سے برساتی نالوں میں کچر اپھینکنے کی وجہ سے اکثر برساتی نالے کچرا کونڈی کی شکل اختیار کرچکے تھے جنہیں بھاری مشینری اور افرادی قوت کو استعمال کرتے ہوئے صاف کیاجارہا ہے تاکہ برسات کے موسم میں بلدیہ وسطی کے عوام کسی بھی قسم کی پریشانی کا شکار نہ ہوں۔

یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ بلدیہ وسطی کی حدود سے تقریباً چالیس کلومیٹر طویل برساتی نالے گزررہے ہیں۔ تاہم بلدیہ وسطی کی انتظامیہ عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ کوڑا کرکٹ مقررہ کچرہ کنڈی میں ڈالیں اور برساتی نالوںکو کوڑے کا ڈھیر بنانے سے اجتناب برتیں تاکہ بلا وجہ کی پریشانی سے بچ سکیں۔ فی الوقت جو اقدامات بلدیہ وسطی کی جانب سے کئے جارہے ہیں ، امیدکی جاتی ہے کہ ان کے نتیجے میں ضلع وسطی کے عوام بارش سے پیدا ہونے والی اُن پریشانیوں سے محفوظ رہیں گے کہ جن کا سامنا اُنہیں ماضی میں کرنا پڑتاتھا۔