مسلح افواج ملک کے سرحدی دفاع اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے پر عزم رہیں‘ظہیر احمد بابرسدھو

پاک فضائیہ میں ملک کے خلاف ہونے والی کسی بھی کاروائی کا جواب دینے کی صلاحیت ہے‘چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل کا تقریب سے خطاب

جمعرات 17 جون 2021 19:15

مسلح افواج ملک کے سرحدی دفاع اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے پر عزم رہیں‘ظہیر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہاکہ مسلح افواج ملک کے سرحدی دفاع اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے پر عزم رہیں۔ ان خیالات کااظہارانہوںنے پاک بحریہ کے وار کالج لاہور میں 50ویں پی این اسٹاف کورس کے شرکا اور فیکلٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف نے پاکستان نیوی وار کالج کے ذریعہ فراہم کردہ معیاری تعلیم اور بہترین تربیت کو سراہا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ نے ملک کی بحری سرحدوں کے تحفظ کے لئے پاک بحریہ کی انمول خدمات کی بھی تعریف کی۔ موجودہ سیکیورٹی چیلنجز اورٹیکنالوجی میں ترقی پر بات کرتے ہوئے معزز مہمان نے پاک افواج کی جنگی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ایک پیشہ ورانہ فوج ہے جس میں ملک کے خلاف ہونے والی کسی بھی کاروائی کا بر وقت جواب دینے کی صلاحیت ہے۔

قبل ازیں چیف آف دی ائیر اسٹاف کی آمد پر کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج، ریئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق نے ان کا استقبال کیا۔پاکستان نیوی وار کالج پاک بحریہ کا ایک نمایاں ادارہ ہے جو مستقبل میں اہم کمانڈ اینڈ اسٹاف تقرریوں کو سنبھالنے کے لئے پاک بحریہ، مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران کو پیشہ ورانہ عملی اور فوجی تربیت فراہم کرتا ہے۔