گالی دینا ہمارا کلچر نہیں ، بحیثیت مسلمان ہمیں رواداری،برداشت اور بھائی چارے کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے،وزیر قانون راجہ بشارت

جمعرات 17 جون 2021 20:54

لاہور۔17جون  (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔17 جون 2021ء ) :وزیر قانون و کوآپریٹوزپنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ گالی دینا ہمارا کلچر نہیں ، بحیثیت مسلمان ہمیں رواداری،برداشت اور بھائی چارے کے کلچر کو فروغ دینا چاہیے، قومی اسمبلی میں جو ہوا وہ افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومتی لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے اعلیٰ منصب کا خیال کریں کیونکہ اتنے اعلیٰ منصبوں پر غیر اخلاقی زبان کا استعمال پارلیمنٹیرینز کے شایان شان نہیں۔

راجہ بشارت نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے پنجاب اسمبلی میں ایسی نوبت نہیں آئے گی اس لیے کہ پنجاب اسمبلی میں حکومتی بنچوں نے ہمیشہ شائستگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش اور کوشش ہے کہ صوبہ کے اعلیٰ ترین ادارے میں اعلیٰ ترین اخلاقیات کو فروغ دیا جائے کیونکہ حکومت ہو یا اپوزیشن، سب عوام کے نمائندے ہیں اور عوام ان کے ہر عمل پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین بھی راجہ بشارت کے ہمراہ تھے۔