کے ایم سی انتظامیہ کے ٹرائیکا نے ریٹائر اور وفات پاجانے والے ملازمین کو واجبات کے سلسلے میں ناجائز تنگ کرنا شروع کردیا

روزانہ کی بنیاد پر 55 سے 60 ریٹائرمنٹ کے کیسز جمع ہورہے ہیں جبکہ مہینے میں صرف صرف 20 سے 25 کیسز کو واجبات کی ادائیگی کرنے کا فیصلہ

جمعرات 17 جون 2021 22:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2021ء) سجن یونین (سی بی ای) کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقار شاہ نے کہا ہے کہ کے ایم سی کا ٹرائیکا ایڈمنسٹریٹر، میٹروپولیٹن کمشنر اور فنانشل ایڈوائزر نے کے ایم سی، ڈی ایم سیز کے ریٹائر و وفات پاجانے والے ملازمین کے فنڈ، پنشن، گریجویٹی کے واجبات کے پورے مہینے میں صرف 20 سے 25 کیسز کلیئر کرنے کے فیصلے کے بعد روزانہ کی بنیاد پر پنشن، گریجویٹی، فیملی پنشن، لیو انکیشمنٹ، فنانشل اسسٹنٹس، گروپ انشورنس کے جمع ہونے والے 55 سے 60 کیسز اور ماہانہ تقریباً 1600 سے زائد کیسز التواء کا شکار بن رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جان بوجھ کر انتظامیہ اپنے پنشن، گریجویٹی کے نظام کو ڈی سینٹرلائز پروگرام کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ریٹائر اور فیملی پنشنرز کو بے جا پریشان کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائر اور فیملی پنشنرز کسی وقت بھی انتہائی قدم اٹھاسکتے ہیں جس میں خودسوزی کا انتہائی قدم بھی کوئی پریشان حال پنشنرز میں سے کوئی پنشنر اٹھا سکتا ہے جس کی ذمہ داری کے ایم سی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔