قلت پر قابو پانے کیلئے لوکل کورونا ویکسین کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ

آئندہ ماہ سے پاک ویک ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری کا آغاز ہوگا ، این آئی ایچ پاک ویک ویکسین کی ماہانہ 30 لاکھ ڈوز تیار کرے گا۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 جون 2021 17:34

قلت پر قابو پانے کیلئے لوکل کورونا ویکسین کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جون 2021ء ) حکومت نے قلت پر قابو پانے کیلئے لوکل کورونا ویکسین کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ کرلیا ، آئندہ ماہ سے پاک ویک ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری کا آغاز ہوگا۔ میڈیا ذرائع کہتے ہیں کہ پاک ویک کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ اضافی طلب کے پیش نظر کیا گیا ، این آئی ایچ پاک ویک ویکسین کی ماہانہ 30 لاکھ ڈوز تیار کرے گا ، اس ضمن میں این آئی ایچ کی جانب سے حکومت کو پیداوار بڑھانے کے فیصلے سےآگاہ کردیا گیا ہے کیوں کہ ماہانہ 30 لاکھ ڈوز کی تیاری سے ویکسین دستیابی میں سہولت ہوگی۔

معلوم ہوا ہے کہ پاک ویک تیاری کے لیے خام مال چینی کمپنی کین سائینوفراہم کرے گی ، پاکستان نے کین سائینو سے 2 کروڑ ڈوز تیار اور خام مال کی خریداری کی ہے جب کہ حکومت پاک ویک کی تیاری کے لیے کین سائینوسے مزید خام مال بھی خریدے گی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف چین سے کورونا ویکسین کی 15لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچا دی گئیں ، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق کورونا ویکسین کی 15لاکھ خوراکیں چین سےخصوصی پروازکے ذریعے پاکستان پہنچائی گئی ہیں ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچے والی ویکسین سائیو ویک ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ چین سے رواں ماہ کورونا ویکیسن کی 80 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی، چین سے رواں ماہ تیار ویکسین کی50 لاکھ اور کین سائنو ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں خام مال کی صورت ملیں گی ، ذرائع وزارت صحت کے مطابق چین سے رواں ماہ پاکستان کیلئے مجموعی طور پر کورونا ویکیسن کی 80 لاکھ خوراکیں آئیں گی ، رواں ماہ 50 لاکھ تیار ویکسین پاکستان پہنچے گی جب کہ 20 سے 22 جون کے درمیان کین سائنو ویکسین کی 30 لاکھ خوراکوں کا خام مال بھی پاکستان پہنچےگا۔