سندھ حکومت کا شادی ہالز پر پابندی ختم ہونے کے بعد ریسٹورنٹس کی ڈائننگ کھولنے کا عندیہ

ڈائننگ کی 28 جون سے اجازت مل جائے گی ، ڈائننگ کی اجازت کے بعد احتیاطی تدابیر اختیارکی جائیں گی،صدر ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن

منگل 22 جون 2021 16:18

سندھ حکومت کا شادی ہالز پر پابندی ختم ہونے کے بعد ریسٹورنٹس کی ڈائننگ ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2021ء) سندھ حکومت نے شادی ہالز پر پابندی ختم ہونے کے بعد ریسٹورنٹس کی ڈائننگ کھولنے کا عندیہ دے دیاہے، صدر ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن نے کہاہے کہ ڈائننگ کی 28 جون سے اجازت مل جائے گی۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا کیسزکی شرح میں کمی پر مزید کاروباری شعبوں میں نرمی کا فیصلہ کرلیا اور شادی ہالزپرپابندی ختم ہونے کے بعد ریسٹورنٹس کی ڈائننگ کھولنے کا عندیہ دے دیا۔

صدر ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کے مطابق ڈائننگ کی 28 جون سے اجازت مل جائے گی ، ڈائننگ کی اجازت کے بعد احتیاطی تدابیر اختیارکی جائیں گی۔گذشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں شادی ہال کھول دیے گئے تھے، شادی ہال کھولنے پر مالکان کی جانب سے مٹھائی بانٹی گئی اور کئی عرصے بعد شادی ہال کھولنے پر ملازمین بھی خوشی سے نہال تھے۔

(جاری ہے)

آل پاکستان کیٹرز ڈیکوریٹرز ایسوسی ایشن چیئرمین قیص منصور شیخ نے شادی ہال کھولنے کی اجازت دینے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کراچی سندھ حکومت کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمیں کاروبار کھولنے کی اجازت دی ، سندھ حکومت کے فیصلے سے لاکھوں دیہاڑی دار مزدور طبقہ کو روزگار مل گیا۔

قیص شیخ نے کہاکہ سندھ حکومت تاجر برادری اور میڈیا کی بھرپور سپورٹ نے ہماری صنعت کھلوائی ہے، شادی ہال مالکان ایس او پیز پر ہر صورت عملدر آمد کریں گے ، شہریوں سے بھی گزارش ہے کہ شادی ہال میں داخلے کے وقت ایس او پیز کا خیال رکھیں۔