صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی کی زیر صدرات محکمہ سپورٹس پنجاب کا اعلی سطح اجلاس

پہلا پنجاب سپورٹس ایوارڈ کرانے کا فیصلہ، پنجاب گیمز اور بین الصوبائی گیمز 2021 کے حوالے سے لائحہ عمل طے پہلی سپورٹس پالیسی کے منظور ہونے سے پنجاب میں کھیلوں کے حوالے سے انقلابی تبدیلی آئیگی ، سپورٹس بجٹ میں 200 فیصد اضافہ کیا ہے‘وزیر کھیل پنجاب

جمعرات 24 جون 2021 22:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2021ء) صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کی زیر صدرات جمعرات کے رو ز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں محکمہ سپورٹس پنجاب کا اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں سپورٹس کے سالانہ ترقیاتی پروگرام، یوتھ افئیرز ونگ، سپورٹس ایوارڈ پروگرام اور سپورٹس کیلنڈر کا جائزہ لیا گیا ،سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب فواد ہاشم ربانی، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشدا ولکھ نے بریفنگ دی، اجلاس میں ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، پی ایم یو افسران ودیگر بھی شریک تھے، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی کو سپورٹس بورڈ پنجاب کے بورڈ کی میٹنگ میں ہونے والے فیصلوں ،یوتھ افئیرز ونگ میں افسران کی تعیناتی ، سالانہ ترقیاتی منصوبے ،آئندہ سپورٹس کیلنڈرپر تفصیلی بریفنگ دی گئی ،اجلاس میں پنجاب گیمز اور بین الصوبائی گیمز 2021 کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا گیا پہلا پنجاب سپورٹس ایوارڈ منعقد کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ سپورٹس پنجاب کے افسران کو پہلی سپورٹس پالیسی منظور ہونے پر مبارکباددی اور کہا پہلی سپورٹس پالیسی کے منظور ہونے سے پنجاب میں کھیلوں کے حوالے سے انقلابی تبدیلی آئیگی ، سپورٹس کو فروغ ملے گا اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی، پنجاب حکومت نے سپورٹس کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اگلے مالی سال کے بجٹ میںمحکمہ سپورٹس کے بجٹ میں 200 فیصد اضافہ کیا ہے جس سے سپورٹس کے جدید ترقیاتی منصوبہ جات بنائے جائیں گے ان منصوبوں میں اعلی معیار کی سہولیات فراہم کریں گے تاکہ کھلاڑی اپنے کھیل کو بہتر بنا کر ملک کا نام روشن کریں، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ گراس روٹ لیول تک ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں، صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے مزیدکہا کہ آئندہ سپورٹس کیلنڈر پر عملدرآمد کے لئے بھرپور انتظامات کئے جائیں، پہلے سپورٹس ایوارڈ کی تقریب سے کھلاڑی کی حوصلہ افزائی ہوگی، ان کی کارکردگی کو سراہنے سے نوجوانوں میں سپورٹس کا شوق پیدا ہوگا،انہوں نے کہاکہ سپورٹس کے فروغ کے لئے میڈیا سے قریبی رابطہ رکھا جائے اور سپورٹس بورڈ پنجاب کے سوشل میڈیا کو مزید فعال کیاجائے تاکہ نوجوان سپورٹس سرگرمیوں سے آگاہ رہیں۔