سول ایوی ایشن اتھارٹی کا پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نیا سفری ہدایت نامہ جاری

کیٹگری سی میں شامل ممالک سے صرف پاکستانی مسافروں کو ہی پاکستان آنے کی اجازت ہوگی، ان مسافروں کو 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا، سی اے اے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 29 جون 2021 22:23

سول ایوی ایشن اتھارٹی کا پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نیا سفری ہدایت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 29جون 2021) کیٹگری سی میں شامل ممالک سے صرف مخصوص مسافروں کو ہی پاکستان آنے کی اجازت ہوگی، ان مسافروں کو 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا، سی اے اے نے پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کر دیا- تفصیلات کےمطابق پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کورونا ایس او پی کے تحت پاکستان آنے والے مسافروں کیلئے نیا ہدایت نامہ جاری کردیا، بھارت اور جنوبی افریقا سمیت کیٹگری سی میں شامل ممالک پر پابندی برقرار رہے گی۔

سی اے اے کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کیٹگری سی میں شامل ملکوں سے پاکستان کیلئے پروازوں پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کیٹگری سی میں شامل ممالک سے صرف پاکستانی شہریت رکھنے والے مسافروں کو ہی پاکستان آنے کی اجازت ہوگی۔

(جاری ہے)

کیٹگری سی میں شامل ممالک سے آنے والے پاکستانیوں کو پرواز سے 72 گھنٹے قبل کورونا ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا جبکہ پاکستان پہنچے پر ائیرپورٹس پر ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ بھی کیا جائے گا۔

سی اے اے نوٹیفکیشن کے مطابق بھارت، بنگلا دیش، انڈونیشیا، سری لنکا، جنوبی افریقا سمیت 26 ملکوں کو کیٹگری سی میں رکھا گیا ہے۔ سی اے اے کی نئی ٹریول ایڈوائزری 15 جولائی تک قابل عمل ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کورونا کیسز میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ کورونا کیسز کی شرح 2 فیصد پر آگئی ہے، احتیاط نہ کی تو آئندہ دنوں کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک بھر میں کورونا کی صورتحال گزشتہ ماہ سے بہتر ہے،ملک میں کورونا کیسز کی شرح 2 فیصد چل رہی ہے ، احتیاط نہ کی تو آئندہ دنوں کورونا کیسز میں اضافہ ہوسکتا ہے، کوشش ہے ویکسی نیشن کا عمل جاری رہے، ویکسی نیشن مہم اچھی چل رہی ہے۔ ویکسین کی ایک کروڑ 35 لاکھ خوراکیں لگائی جاچکی ہیں، جبکہ ان میں 35 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی ہے۔

ایک کروڑ 7 لاکھ افراد کی جزوی ویکسی نیشن ہوچکی ہے، انہوں نے کہا کہ رواں سال 7کروڑ لوگوں کو ویکسین لگانے کا ہدف ہے، ویکسین کا ہدف پورا کرنے میں 6ماہ کا وقت باقی ہے۔ تعلیمی شعبے کے 60 فیصد عملے کی ویکسی نیشن مکمل ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ ویکسین سنٹرز کو ویکسین کی لگاتار فراہمی جاری ہے، رواں ہفتے 35 لاکھ سائنو ویک، اور 5 لاکھ کین سائنو ویکسین کی خوراکیں لائی گئی ہیں، فائزر کی محدود خوراکیں موجود ہیں، کمزور قوت مدافعت کے حامل افراد کو فائزر ویکسین لگائی جارہی ہے۔

اسی طرح روزگار کیلئے ملک سے باہر جانے والوں کو بھی فائزر لگانے کی اجازت ہے۔دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے مزید 44 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 1052 نئے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کی تشخیص کے لیے 45 ہزار 924 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1052 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔