کوٹری تا خانپور 460کلومیٹر ٹریک بحالی کا’’ایمرجنسی ٹریک رینوول پلان‘‘تیار

وزارت ریلوے کی جانب سی26 ارب کا پی سی ون آئندہ ہفتے پلاننگ کمیشن کو بھجوایا جائیگا

بدھ 30 جون 2021 23:43

کوٹری تا خانپور 460کلومیٹر ٹریک بحالی کا’’ایمرجنسی ٹریک رینوول پلان‘‘تیار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جون2021ء) ڈہرکی کے خوفناک ٹرین حادثہ کے بعد سکھر کے خستہ حال ٹریک کی سنی گئی۔تفصیلات کے مطابق وزیر ریلوے اعظم سواتی کے اعلان کے مطابق کوٹری تا خانپور 460کلومیٹر ٹریک بحالی کا’’ایمرجنسی ٹریک رینوول پلان‘‘تیار کرلیا گیا ہے ۔ بتایا گیا ہے کہ وزارت ریلوے کی جانب سی26 ارب کا پی سی ون آئندہ ہفتے پلاننگ کمیشن کو بھجوایا جائے گا۔

واضح رہے کہ حالیہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان ریلوے کی ٹرینوں کو پیش آنے والے حادثات میں تشویش ناک اضافہ ہوا ہے۔ سانحہ گھوٹکی کے بعد گزشتہ 4 سالوں کے دوران پاکستان ریلوے کی مختلف ٹرینوں کو پیش آنے والے حادثات کی ہوشربا تفصیلات سامنے آئیں۔ پاکستان ریلوے کے حکام کی جانب سے مرتب کردہ رپورٹ کے مطابق 2018 سے 2021 کے دوران اب تک 455 حادثات پیش آ چکے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 4 سالوں کے دوران کل 455 ٹرین حادثات میں 270 افراد جان کی بازی ہارے، ان حادثات میں 396 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ریلوے حادثات کے حوالے سے 2019 سب سے بدترین سال ثابت ہوا۔ ریلوے حکام کی رپورٹ کے مطابق سال 2018 میں 131 ٹرین حادثات پیش آئے، جن میں 39 افراد جاں بحق اور 64 زخمی ہوئے۔ 2019 میں سب سے زیادہ 159 حادثات میں 134 افراد جاں بحق، جب کہ 63 زخمی ہوئے۔ 2020 میں 135 ٹرین حادثات میں 56 افراد جاں بحق،اور 142 زخمی ہوئے، جب کہ 2021 میں اب تک 30 حادثات پیش آئے ہیں جن میں 41 افراد جاں بحق، اور 27 زخمی ہو چکے ہیں۔ ان 4 سالوں کے دوراں سب سے بڑا ٹرین حادثہ 2019 میں ہوا تھا جب تیزگام میں آگ لگنے سے 73 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔