پنجاب میں کورونا ویکسینیشن کے جعلی اندراج کا انکشاف

صوبائی حکومت نے سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کرلیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 3 جولائی 2021 14:52

پنجاب میں کورونا ویکسینیشن کے جعلی اندراج کا انکشاف
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 جولائی 2021ء) : پنجاب میں کورونا ویکسینیشن کے جعلی اندراج کا انکشاف ہوا جس کے بعد صوبائی حکومت نے اس حوالے سے سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکریٹری صحت پنجاب سارہ اسلم نے ویکسینیشنز کے جعلی اندراج کا نوٹس لے لیا ۔صوبائی حکومت نے ویکسینیشنز کے جعلی اندراج کی روک تھام کے لیے ویکسین کے اسٹاک کی سخت مانیٹرنگ کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔

سیکریٹری صحت پنجاب نے کہا کہ فیک اینٹریز اور اسٹاک مانیٹرنگ کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کی۔ سارہ اسلم کے مطابق چار رکنی کمیٹی کا کنوینر ایڈیشنل سیکریٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عاصم الطاف کو مقرر کیا گیا ۔ سیکریٹری صحت پنجاب کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر احمر خان فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سیکرٹری مقرر ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی سیکرٹری ورٹیکل پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سیدہ رملہ اور ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل 2 طارق خواجہ بھی کمیٹی کے ممبر نامزد کیے گئے۔

سیکریٹری صحت پنجاب کے مطابق کمیٹی ویکسینیشن کے عمل کو مزید بہتر بنانے کے لیے سفارشات بھی مرتب کرے گی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں ویکسی نیشن کے رجسٹریشن فارمز فروخت ہونے کا انکشاف سامنے آیا تھا۔ شہریوں نے الزام عائد کیا تھا کہ ماس ویکسی نیشن سینٹر میں رجسٹریشن فارم فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق 100، 50 اور 200 روپے دے کر رجسٹریشن فارمز لیے۔

شہریوں نے مؤقف دیا کہ ہمیں کہا جا رہا ہے کہ اب ویکسی نیشن 3 تاریخ کو آئے گی۔ مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے ایف نائن پارک کے باہر مین روڈ ٹریفک کے لیے بلاک کر دی تھی۔ واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل جاری ہے ،ملک بھر میں ایڈلٹ ویکسینیشن مراکز قائم کیے جا چکے ہیں اور ویکسینیشن کا تمام تر عمل ڈیجیٹل میکنزم سے کنٹرول کیا جارہا ہے۔ویکسی نیشن کے بعد سے ہی ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جس کے بعد کورونا پابندیوں میں نرمی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔