کاشتکاروں کو سستا اور معیاری بیج فراہم کرنے کیلئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے بزنس پلان میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے،حسین جہانیا ں گردیزی

بدھ 7 جولائی 2021 22:32

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جولائی2021ء) کاشتکاروں کو سستا اور معیاری بیج فراہم کرنے کیلئے پنجاب سیڈ کارپوریشن کے بزنس پلان میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔پنجاب سیڈ کارپوریشن اپنے آئندہ بزنس پلان میں بیجوں کی exotic اقسام جو پرائیویٹ کمپنیاں بیرون ِ ملک سے امپورٹ کر کے مہنگے داموں فروخت کرتی ہیں کو سستا اور مناسب ریٹ پر کاشتکاروں کو مہیا کرنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لے گایہ بات وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے لاہور میں پنجاب سیڈ کونسل کے بورڈ کی119 ویں اجلاس کی صدارت کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیر زراعت پنجاب نے بتایا کہ اجلاس میں پنجاب سیڈ کارپوریشن کے سیڈ ملٹی پلکیشن کے ٹارگٹ کاجائزہ بھی لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بیسک سیڈ کے طریقہ کار کی جانچ کیلئے ملک محمدمسعود ممبر پنجاب سیڈ کونسل کی سربراہی میں ٹیکنیکل کمیٹی قائم کی گئی ہے جو بیسک سیڈ کی ملٹی پلکیشن کے طریقہ کار کا جائزہ لے گی اور اس میں مزید بہتری لے کر آئے گی۔ اس کے ساتھ یہ ٹیکنیکل کمیٹی ریسرچ کے اداروں کے تعاون سے مکئی اور دھان کے ہائبرڈ بیجوں کی تیاری اور ملٹی پلکیشن کے طریقہ کار کا تعین کرے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن امسال نہ صرف بیج کی رسد اور طلب کو برقرار رکھے گا بلکہ کاشتکاروں کو منظورشدہ اقسام کے بیج کی جانب راغب کرنے کے لئے مختلف پروگرام ترتیب دئیے جائیں گے۔ پنجاب سیڈ کارپوریشن کا بیجوں کی صنعت میں لیڈر کا کردار ہے جو ملٹی نیشنل اور مقامی سیڈ کمپنیوں کے مقابلے میں کسانوں کو تصدیق شدہ معیاری بیج ارزاں نرخوں پر فراہم کر رہا ہے اور اس سے موجودہ -حکومت کا سر سبز پنجاب کا خواب پورا ہورہا ہے۔ اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن فضل الرحمان،ممبران پنجاب سیڈ کونسل بورڈ آفتاب احمد خان کھچی،رابعہ سلطانہ،ملک محمد مسعود،ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن میڈم صدف ظفر سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔