صوبائی وزیر سعید غنی کی کرسی بھی خطرے میں پڑ گئی

سعید غنی سے وزارت تعلیم کا قلمدان واپس لے کر سردار شاہ کو دیے جانے کا امکان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 12 جولائی 2021 16:48

صوبائی وزیر سعید غنی کی کرسی بھی خطرے میں پڑ گئی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 جولائی 2021ء )   صوبائی وزیر   سعید غنی کی کرسی بھی خطرے میں پڑ گئی۔سعید غنی سے وزارت تعلیم کا قلمدان واپس لینے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔بتایا گیا ہے کہ  سندھ کابینہ میں ایک بار پھر تبدیلیوں کے امکانات ہیں، بعض وزرا کو کابینہ سے فارغ کرنے اور کچھ نئے چہرے سامنے لانے پر غور کیا جارہا ہے۔ سعید غنی سے قلمدان واپس لے کر سردار شاہ کو دیا جائے گا ۔

آئندہ چند روز میں سندھ کابینہ میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔جس کے تحت سعید غنی سے محکمہ تعلیم واپس لیا جائے گا۔سندھ کابینہ میں ضیا عباس اور ساجد جوکیو کو نیا وزیر بنانے کا بھی امکان ہے۔12 اپریل2021ء کو شائع رپورٹ میں بھی سندھ کابینہ میں تبدیلیوں کی گونج سنائی دی تھی۔کہا گیا کہ دو مشیر اور ایک وزیر کو شامل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق تعلیم، ورکس اینڈ سروسز، خوراک کے قلمدان نئے وزرا کو تفویض کرنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

سعید غنی، ناصر شاہ، نثار کھوڑو سے ایک ایک محکمے کا قلمدان واپس لینے پر غور کیاگیا تھا ۔ قواعد کے تحت سندھ کابینہ میں 18 وزرا اور پانچ مشیر شامل کیے جاسکتے ہیں۔ کابینہ میں شامل دو وزرا کو ذمہ داریوں سے فارغ کرنے کی تجویز دی گئی تھی ۔کابینہ میں شمولیت کے لئے پیپلز پارٹی کے 4 ارکان سندھ اسمبلی دوڑ میں شامل ہیں، کابینہ میں دو مشیر اور ایک وزیر کو شامل کیا جاسکتا ہے۔

نئے وزرا میں شرجیل میمن، فیاض بٹ، ساجد جوکھیو اور ارباب لطف اللہ شامل تھے ۔ شفقت شاہ شیرازی کو مشیر بنائے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔بتایا گیا تھا کہ شرجیل میمن کو لوکل گورنمنٹ کا قلمدان سونپا جائے گا۔شفقت شیرازی کو سوشل ویلفیئر اور ساجد جوکھیو کو لیبر و کچی آباد کے قلمدان دیئے جائیں گے۔ مرتضی وہاب سے موحولیات کا اضافی چارج واپس لیا جائے گا۔ کچھ مشیروں کو ڈی نوٹیفائی کرکے نئے ایم پی ایز کو مشیر بنانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔