ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل کا انتظامی امور کا جائزہ لینے کے حوالہ سے مویشی منڈی جامعہ چوک سیٹلائٹ ٹاؤن کادورہ

پیر 12 جولائی 2021 20:00

جھنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2021ء) ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے انتظامی امور کا جائزہ لینے کے حوالہ سے مویشی منڈی جامعہ چوک سیٹلائٹ ٹاؤن کادورہ کیا۔اس موقع پر دیگر متعلقہ افسران بھی موجودتھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں قائم مویشی منڈیوں میں اعلیٰ نظم و نسق برقرار رکھاجائے جبکہ مویشی منڈیوں میںقربانی کے جانوروں کی خریدو فروخت کیلئے آنے والے کورونا ایس او پیز پرعمل درآمد یقینی بنائیں۔

انہوںنے ہدایت کی کہ قربانی کے جانوروں کی منڈیوں و سیل پوائنٹس پر خریداروں اور مویشیوں کے لئے عمدہ انتظامات ہمہ وقت برقرار رکھے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مویشیوں کے بیوپاریوں اورخریداری کے لئے آئے ہوئے شہریوں سے ملاقات کی اور ان سے مویشی منڈی میں انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کے سلسلے میں بیوپاریوں اورخریداروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں جن پر موثر انداز میں عملدرآمد کے لئے تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کا عمل بھی جاری ہے۔

انہوں نے منڈی کے انتظامی افسران کو ہدایت کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے سیکورٹی امور کو چوکس رکھا جائے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کے تحت گوجرہ اور ٹوبہ روڈ بائی پاس پر پودا لگا کر چوتھے ہفتے کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر، ٹائیگر فورس اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجودتھے۔

ڈپٹی کمشنر فیاض احمد موہل نے کہا کہ خدمت آپ کی دہلیز پر پروگرام کا چوتھا ہفتہ 12 جولائی سے 18 جولائی تک جاری رہے گا۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے تحت خدمت آپ کی دہلیزپرپروگرام کے دوسرے مرحلے میں ماحولیاتی آلودگی اورموسمیاتی تبدیلوں پر قابو پانے کیلئے شجرکاری کی جارہی ہے۔ضلع کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو خوبصورت بنانے کے لئے پودے لگا کر تعزین و آرائش کی جائے گی۔مذکورہ ہفتہ کے دوران شجرکاری مہم کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گااور تعلیمی اداروں، گرین بیلٹس، پارکوں اورشاہرا?ں کے اطراف پودے لگائیں گے۔