اٹلی سے آیا دولہا حادثے میں زخمی‘ دلہن شادی کرنے ہسپتال پہنچ گئی، تصاویر وائرل

گوجرانوالہ کا رہائشی رضوان اٹلی سے پسند کی شادی کرنے آیا جہاں اس کی 9 جولائی کو شادی ہونا تھی تاہم 8 جولائی کی رات اس کا ایکسیڈنٹ ہوا جس میں اس کی ٹانگ 3 جگہ سے ٹوٹ گئی لیکن دلہن نے شادی ملتوی نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور عروسی لباس پہن کر ہسپتال جا پہنچی

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 جولائی 2021 19:19

اٹلی سے آیا دولہا حادثے میں زخمی‘ دلہن شادی کرنے ہسپتال پہنچ گئی، تصاویر ..
گوجرانوالہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 جولائی 2021ء ) صوبہ پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں اٹلی سے پسند کی شادی کرنے کیلئے آنے والا دولہا حادثے میں زخمی ہوگیا دلہن شادی کرنے ہسپتال پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقہ دھونکل کا رہائشی رضوان اٹلی سے گوجرانوالہ میں پسند کی شادی کرنے کے لیے آیا جہاں اس کی ماریہ سے 9 جولائی کو شادی ہونا تھی تاہم 8 جولائی کی رات رضوان کا ایکسیڈنٹ ہوا جس میں اس کی ٹانگ تین جگہ سے ٹوٹ گئی لیکن دلہن نے شادی ملتوی نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور ماریہ عروسی لباس پہن کر ہسپتال جا پہنچی جہاں انتظامیہ کی اجازت سے دونوں کا نکاح کروا دیا گیا ، نکاح کے بعد دلہن نے بیڈ پر زخمی دلہے کے ساتھ شادی کی تصویر بھی بنائی۔

بتایا گیا ہے کہ دلہا رضوان کی پانچ سال قبل گوجرانوالہ کی ماریہ سے فیس بک پر دوستی ہوئی جس کے بعد رضوان کے گھر والوں نے ماریہ کے گھر والوں سے رشتہ مانگا تو انہوں نے بھی شادی کے لیے رضامندی ظاہر کردی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف صوبہ پنجاب کے دارالحکومت کی لاہور ہائی کورٹ میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے گھر والے آپس میں الجھ پڑے ، احاطہ عدالت میں لڑکے کی بہنوں نے لڑکی کے بھائیوں کی آنکھوں میں مرچیں ڈالنے کی کوشش کی، جس پر پولیس نے ملزمان کو تھانہ انار کلی کے حوالے کر دیا ، بتایا گیا ہے کہ چنیوٹ کے رہائشی مبشر نے سمیعہ خان نامی لڑکی سے پسند کی شادی کی، جس پر سمیعہ کے بھائی شہزاد نے لاہور ہائی کورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم کی عدالت میں اس کی بازیابی کیلئے درخواست دائر کردی، جہاں سماعت مقرر ہونے پر جب سمیعہ خان بیان دینےعدالت آئی توپیشی سے قبل ہی لڑکی اور لڑکے کے گھر والوں کا آپس میں جھگڑا ہوگیا اور احاطہ عدالت میں کھینچا تانی کے دوران لڑکے کی بہنوں نے لڑکی کے بھائیوں کی آنکھوں میں مرچیں ڈالنے کی کوشش کی ، جس پر پولیس نے ملزمان کو پکڑ کر تھانہ انارکلی منتقل کردیا جب کہ عدالت نے سمیعہ خان کے بیان کی روشنی میں اسے شوہر کے ساتھ جانے کی اجازت دے دی۔