عوام کو جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کو اولین ترجیح ہے ‘ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

جسٹس امیر بھٹی سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی ملاقات ،انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال

جمعرات 15 جولائی 2021 21:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2021ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے ملاقات کر کے انتظامی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی بھی موجود تھے ۔اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عرفان احمد سعید، پرنسپل سٹاف آفیسرمحمد یار ولانہ اور ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری مسعود ارشد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمدامیر بھٹی نے صوبے کی عوام کو جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ عدالتوں میں آنے والے سائلین، وکلاء ، ججز اورسٹاف کی سہولت اور سکیو رٹی کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں۔ عدالتوں کیلئے بہترین انفراسٹرکچر کی فراہمی وقت کا اہم تقاضہ ہے۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور دیگر نے چیف جسٹس کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ۔حکومتی ذمہ داران نے جلد و معیاری انصاف کی فراہمی کے لئے عدالت عالیہ لاہور کی جانب سے اٹھائے جانے والے تمام اقدامات کی بھرپور تائید کی ۔