ممنون حسین ایک شریف النفس اور بہت ساری خوبیوں کے مالک بڑے آدمی تھے،قاری عثمان

جمعرات 15 جولائی 2021 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2021ء) جمعیت علماء اسلام پاکستان کے رہنما قاری محمد عثمان نے سابق صدر پاکستان ممنون حسین کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر ممنون حسین ایک شریف النفس اور بہت ساری خوبیوں کے مالک بڑے آدمی تھے۔ ان کی اچانک وفات نے دکھی کردیا۔ صدر ممنون حسین کی ملی قومی اور دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر ممنون حسین نے اپنی ساری زندگی خدمت انسانیت، پاکستان کے ملی تشخص،مشرقی تہذیب کے تحفظ اور قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کیلئے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے پاکستان کے سب سے بڑے اعزاز کو پانے کے باوجود سادگی سے زندگی گزارتے ہوئے ہر طبقے سے یکساں سلوک کا معیار قائم رکھا۔ صدر ممنون حسین سچے محب وطن اور فنا فی الپاکستان تھے۔

قاری محمد عثمان نے کہا کہ صدر ممنون حسین کی خوبیوں کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ وہ ایک عام آدمی سے صدر پاکستان کے اعلی منصب پر فائز ہوئے مگر تبدیل نہیں ہوئے۔ سابق صدر پاکستان ممنون حسین نے کراچی سے اپنی سیاسی سرگرمیوں کے آغاز اور ایوان صدر پر اختتام تک کے طویل سفر میں نیک نامی میں کمی کے بجائے اضافہ کیا۔