غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کا اجرا، مزید 3 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ

ملزمان نے غیر قانونی طور پر برمی، افغانی اور ایرانی سمیت دیگر غیرملکیوں کو شناختی کارڈ بنا کر دیئے،ایف آئی اے

جمعہ 16 جولائی 2021 16:37

غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کا اجرا، مزید 3 ملزمان کا جسمانی ریمانڈ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2021ء) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کراچی کی عدالت نے نادرا افسران کی جانب سے مبینہ رشوت لے کر غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کے کیس میں پکڑے گئے مزید 3 ملزمان کو جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ایف آئی اے نے مزید 3 ملزمان گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیئے، ملزمان میں محمد امین، معراج اور عبد العزیز شامل ہیں۔

عدالت نے ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔ایف آئی اے حکام کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان نے جعلی دستاویزات پر نادرا شناختی کارڈ بنوایا، محمد امین نے جس شناختی کارڈ نمبر سے کارڈ بنوایا وہ پہلے ہی کسی اور کا ہے۔یعدالت کو بتایا گیا کہ ملزم محمد امین اور اس کے والد کی عمر میں صرف 9 سال کا فرق ہے، باپ بیٹے میں 9 سال کا فرق قدرتی طور پر ہو ہی نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے حکام نے عدالت سے استدعا کی کہ دیگر ملزمان نے بھی جعلی شناختی کارڈ بنوائے ہیں، ملزمان سے مزید تحقیقات کرنی ہے، ریمانڈ دیا جائے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سے پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے غیر قانونی طور پر برمی، افغانی اور ایرانی سمیت دیگر غیرملکیوں کو شناختی کارڈ بنا کر دیئے۔ایف آئی اے کے ہیومن ٹریفیکنگ سیل نے کارروائی کرتے ہوئے تمام ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :