مکہ مکرمہ میں بغیر اجازت حج کی کوشش کرنے پر مزید درجنوں افراد گرفتار ہو گئے

حکام کے مطابق حج ضوابط کی خلاف ورزی پر اب تک 147 افراد گرفتار کے جا چکے ہیں،غیر ملکیوں کو ڈی پورٹ کیا جائے گا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 19 جولائی 2021 14:27

مکہ مکرمہ میں بغیر اجازت حج کی کوشش کرنے پر مزید درجنوں افراد گرفتار ..
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 جولائی2021ء ) سعودی عرب میں کورونا وبا کی وجہ سے اس بار بھی حج مملکت میں مقیم تارکین اور مقامی افراد تک ہی محدود کر دیا گیا ہے۔ اس سال حج کے لیے صرف 60 ہزار افراد کو اجازت دی گئی ہے جنہیں حج کی ادائیگی کے لیے خصوصی پرمٹس کا اجراء کیا گیا ہے۔ ہر سال کی طرح حج کی سیکیورٹی کے لیے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔

جس کی ایک وجہ عازمین کے درمیان سماجی فاصلے کو ممکن بنا کر انہیں وبا سے محفوظ رکھنا ہے اور دوسرے ان افراد کو بھی مقدس مقامات میں داخلے سے روکنا ہے جن کے پاس حج کا اجازت نامہ نہیں ہے۔اس حوالے سے وزارت داخلہ کے ترجمان طلال الشہلوب نے بتایا ہے کہ حج مقامات پر غیر متعلقہ افراد کی دراندازی روکنے کے لیے منیٰ، عرفات اور مزدلفہ کے ارد گرد سخت سیکیورٹی حصار قائم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اب تک حج ضوابط کی خلاف ورزی پر 147 افراد پکڑ میں آ چکے ہیں، جنہیں قید اور جرمانوں کی سزا کا سامنا کرنا ہوگا۔ حج سیکیورٹی کمانڈر کی جانب سے چند روز قبل بتا دیا گیا تھا کہ کسی شخص کو بغیر اجازت نامے کے داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ عازمین کو صرف 4 دروازوں کے ذریعے حرم شریف میں داخلے کی اجازت ہو گی۔ حج ہدایات کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد پر فی کس 10 ہزار ریال کا جرمانہ بھی عائد کیاجائے گا ۔

وزارت داخلہ کی جانب سے بتایا گیا کہ بغیر اجازت نامہ حج مقامات کی جانب جانے کی پابندی 5 جولائی 2021ء (( 25 ذی قعدہ 1442ھ) سے 23 جولائی ( 13 ذی الحجہ 1442ھ) تک نافذالعمل ہوگی۔ اگر کوئی غیر ملکی بغیر اجازت حج مقامات پر جانے کی کوشش کرتا ہوا پکڑا گیا یا حج ہدایات کی خلاف ورزی کی تو اسے مملکت سے ڈی پورٹ کر دیا جائے گا اورآئندہ وہ کسی بھی ویزے پر مملکت میں داخل نہیں ہو سکے گا، جبکہ بے دخلی سے قبل جرمانہ بھی بھرنا ہو گا۔